انڈونیشیا کے جزیرہ سلاویسی میں 6.2 درجے شدت کا زلزلہ، 34 افردا ہلاک، متعدد زخمی،ہسپتال کی عمارت منہدم ہونے سے درجنوں مریض اور عملہ ملبے تلے پھنس گیا

جکارتہ۔15جنوری (اے پی پی):انڈونیشیا کے جزیرہ سلاویسی میں 6.2 درجے شدت کے شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں 34 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ ہسپتال کی عمارت منہدم ہونے سے درجنوں مریض اور عملے کے ارکان ملبے تلے پھنس گئے جبکہ زلزلے سے متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے امریکی جیالوجیکل سروے کے حوالے سے بتایا کہ جمعہ کی علی الصبح جزیرہ سلاویسی پر آئےشدید زلزلے کا مرکز جزیرے کے ماموجو شہر کے جنوب میں 36کلومیٹر دور 18 کلو میٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ ویسٹ سلاویسی کے دارالحکومت ماموجو میں ایک ہسپتال کی عمارت منہدم ہو گئی اور سڑکوں میں شگاف پڑ گئے ۔ نیشنل ڈیزاسٹر میٹی گیشن اتھارٹی کے سربراہ نے بتایا کہ زلزلے کے باعث شہر ماموجو اور اس کے جنوب میں34 افراد ہلاک اور متعددملبےکے نیچے دب گئے ہیں جس سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ زلزلے کے باعث ایک ہوٹل اور ہسپتال سمیت کئی عمارتیں مکمل تباہ ہو گئیں ۔ ماموجو شہر میں ریسکیو ایجنسی نے بتایا کہ زلزلے سے ایک ہسپتال کی عمارت مکمل تباہ ہو گئی جس کے نتیجے میں درجنوں سے زائد مریض اور عملے کے ارکان ملبے تلے دبے ہیں جبکہ ایک گھر کے ملبے میں دبے خاندان کے 8 افراد کو نکالنے کے لے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ واضح رہے کہ 2018 میں انڈونیشیا کے جزیرہ سلاویسی کے علاقہ پالو میں 7.5 درجے شدت کے شدید زلزلے سے 4,300 سے زائد افراد ہلاک اور لاپتہ ہو گئے تھے۔میٹرولوجی ایجنسی کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے بعد آفٹرشاکس آ سکتے ہیں اور شہری سونامی کی صورت میں ساحلی علاقے اور سمندر کی طرف جانے سے گریز کریں۔