دنیابھر میں کورونا وائرس کی وبا سے37 لاکھ 52 ہزار سے زائد اموات، متاثرین کی تعداد17 کروڑ 43 لاکھ سے متجاوز

واشنگٹن، نئی دہلی، ریوڈی جنیرو ۔8جون (اے پی پی):بھارت، امریکہ اور برازیل سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات اور مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے، بھارت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 86 ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، اس دوران مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے اموات کی تعداد37لاکھ 52ہزار تک پہنچ گئی جبکہ متاثرین کی تعداد17کروڑ43لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

منگل کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد174382022ہے، وائرس سے متاثرہ ملکوں میں اب تک3752212 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کوروناکے فعال متاثرین کی تعداد12703380ہے، کورونا وائرس کی وبا سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ملک میں کورونا وائرس کے باعث اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

برازیل کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے دوسرے اور مریضوں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے دوسرا اور میکسیکو ہلاکتوں کے اعدادوشمار سے تیسرا شدید متاثرہ ملک ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد3 لاکھ51 ہزارسے تجاوز کرگئی ہے، ملک میں کورونا کے86 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید86498 افراد میں مہلک کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، بھارتی وزارت صحت کے مطابق اس دوران کورونا وائرس میں مبتلا2123 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جس سے مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 351344 ہوگئی۔ بھارت میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد28996949 ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 351344 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت میں نئے یومیہ متاثرین کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے،

ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد1304143 ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے اعتبار سے سب زیادہ متاثرہ ریاستوں میں مہاراشٹر، تامل ناڈو، کرناٹک اوراتر پردیش شامل ہیں۔ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کا شکار27341462 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد3 کروڑ42 لاکھ27 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد6 لاکھ 12ہزار7 سو سے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک بھر میںکورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد34227237 اور 5436877 فعال متاثرین ہیں۔ امریکہ کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک612701 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ28177659 سے زائد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس سے امریکہ کی کیلیفورنیا، نیویارک اور نیو جرسی سمیت کئی ریاستیں سخت متاثر ہوئی ہیں۔لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں کورونا وائرس سے ہلاکتوںکی تعداد4 لاکھ 74 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ ملک بھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ69لاکھ85 ہزار سے زیادہ ہے۔برازیل میں مہلک وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر16985812ہوگئی ہے۔

برازیل کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد474614 ہے جبکہ مختلف علاقوں میں اس وقت کورونا وائرس کے1102797 فعال مریض ہیں۔ برازیل کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک15408401 سے زائد کورونا مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ جن ممالک میں کورونا وائرس سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں ان میں امریکہ، برازیل، بھارت، میکسیکو، فرانس، اٹلی، روس اور برطانیہ شامل ہیں۔