سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے سے تارکین وطن کے مادر وطن سے رابطے مضبوط تر ہو ں گے، جمہوری عمل میں شرکت کی راہ ہموار ہو گی، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا خیر مقدم

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد شہریوں نے حکومت پاکستان کے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیئے جانے سے متعلق فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے تارکین وطن پاکستانیوں کے مادر وطن سے رابطے مضبوط تر ہو ں گے، جمہوری عمل اور فیصلہ سازی میں انہیں شرکت کا موقع ملے گا، تارکین وطن کی حوصلہ افزائی سے ملک میں سرمایہ کاری اور ترسیلات زر کی آمد میں اضافہ ہو گا۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانی شہری افتخار احمد بٹ نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں 40 سال سے اپنے اہلخانہ کے ساتھ برطانیہ میں مقیم ہوں، حکومت کی طرف سے تارکین وطن پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے اس سے مجھے بڑی خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے اوورسیز پاکستانیوں کو یہ فائدہ ہو گا کہ وہ ملک سے رابطہ رکھیں گے اور انہیں خوشی ہو گی کہ دیارغیر میں بھی ملک نے انہیں یاد رکھا ہے۔ اس اقدام سے تارکین وطن پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور یہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ہمیں ووٹ کا حق دیا جا رہا ہے۔ ہم اس اقدام کی بھرپور حمایت کریں گے اور جتنے بھی پاکستانی جہاں بھی مقیم ہیں انہیں ووٹ کا حق ملنا چاہیے اور ہمارا یہ ہمیشہ سے مطالبہ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کو ووٹ کا حق ملنے سے نہ صرف پاکستانی جو دیارغیر میں مقیم ہیں انہیں اہل خانہ کے ہمراہ وطن آنے جانے کا موقع ملے گا بلکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی اور بھاری ترسیلات زر پاکستان آنے سے ملکی معیشت مستحکم ہو گی۔

برطانیہ میں رہاش پذیر ایک اور کاروباری شخصیت ضیاءالدین نے کہا کہ میں اس حق میں ہوں کہ تارکین وطن پاکستانیوں کو نہ صرف ووٹ کا حق ملنا چاہیے بلکہ انہیں منتخب ہو کر ایوانوں میں اپنے اوورسیز بھائیوں کی بھرپور نمائندگی کا بھی حق ملنا چاہیے تا کہ وہ ان کے لئے اپنے ملک میں بہترین قوانین بنا سکیں جس سے ان کا فائدہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ تارکین وطن اپنے خون پسینے اور محنت سے کمایا ہوا پیسہ تو پاکستان بھیجیں لیکن انہیں اپنے ملک کی فیصلہ سازی میں کوئی حق نہ ہو ۔

مانچسٹر میں 25سال سے مقیم ڈاکٹر حیدر عباس نے کہا کہ میں جنرل فزیشن ہوں اور اس بات کی بھرپور حمایت کرتا ہوں کہ بیرون ملک جتنے بھی پاکستانی ہیں انہیں ووٹ کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بھی تارکین وطن ہیں ان کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہماری ہمدردیاں ہمیشہ سے پاکستان کے لئے ہیں یہ خبر سن کر خوشی ہوئی کہ حکومت تارکین وطن پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے جا رہی ہے اس اقدام سے ہماری حوصلہ افزائی ہو گی اور پہلے سے بڑھ کر ملک میں سرمایہ کاری بھی کریں گے۔