کراچی۔22 مئی(اے پی پی)طیارہ حادثہ میں اب تک دو مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے ہیں ، زندہ بچ جانے والے مسافروں میں بینک آف پنجاب کے صدر ظفر محمود اور محمد زبیر شامل ہیں، امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کے مسافر طیارہ کو جمعہ کے روز حادثہ پیش آیا تھا اور طیارہ لینڈنگ سے تھوڑی دیر قبل ماڈل کالونی میں رہائشی عمارتوں کے اوپر گر کر تباہ ہوگیا تھا ، طیارہ میں مجموعی طور پر 91 مسافر سوار تھے ، حادثہ کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئی تھیں جو تاحال جاری ہیں ۔ طیارہ میں اب تک دو مسافروں کو زندہ نکلا گیا ہے ، زندہ بچ جانے والے مسافروں میں بینک آف پنجاب کے صدر ظفر محمود اور محمد زبیر شامل ہیں ۔ ابھی تک 11 لاشیں اور 6 زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے دارالصحت اسپتال کو دورہ کیا اور حادثہ میں معجزانہ طور پر بچ جانے والے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر محمود کی عیادت کی۔ وزیر تعلیم سعید غنی نے سماجی رابطوں کے ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ایک تصویر ٹوئیٹ کی ہے جس میں ہسپتال کے بیڈ پر ایک نوجوان کی تصویر نظر آرہی ہے ، سعید غنی نے لکھا ہے کہ پی آئی اے کے بدقسمت طیارے کے حادثے میں زندہ بچ جانے والے خوش نصیب محمد زبیر کے ساتھ ۔ ابھی تک دو مسافروں کو زندہ نکالا گیا ہے جبکہ ریسکیو اور ریلیف کا کام جاری ہے۔