اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ نوجوان ہمیشہ سے وزیراعظم اور پی ٹی آئی حکومت کی توجہ کا مرکز رہے ہیں، حکومت معاشرے سے تمباکو کی لعنت کے خاتمہ اور نوجوان نسل کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، ہمیں تعلیمی اداروں سے منشیات کے ناسور کو ختم کرنا ہوگا، جمعہ کو ماحولیات کے موضوع پر خطبات دیئے جائیں گے، کورونا ویکسین کے حوالے سے سازشوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔
بدھ کو یہاں ایک دستاویزی فلم کی سکریننگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنی نوجوان نسل کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں، پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے، اگر کسی قوم کو کمزور کرنا ہو تو اس کی نوجوان نسل کو نشانہ بنایا جاتا ہے، افواہ سازی اور سگریٹ نوشی پر سخت پابندی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی طاقت منبر و مسجد کے پاس ہے کسی کے پاس نہیں، نوجوان نسل کو تباہی سے بچانے کے لئے ہمیں بھرپور طریقے سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے کورونا وائرس کی وبا سے پاکستان کو محفوظ رکھا، پوری دنیا اس پر حیران ہے لیکن کورونا ویکسین کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے علما کرام کورونا وائرس کی وبا کا شکار ہوئے،
اس لئے کورونا ویکسین کے بارے میں سازش کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل کو سگریٹ نوشی سے بچانا ہے۔ ماحول کی بہتری کے لئے کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ حکومت ہر طرح سے تعاون کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے فکر مند ہیں، ان کا ہر وقت اس بات پر فوکس ہوتا ہے کہ ہمارے بچے محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ منبر و محراب کو بھی اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ سمیت اسلامی دنیا کے اندر سگریٹ کے حوالے سے ایک بڑی تبدیلی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ تمام برائیوں کا آغاز ہے،
یہ بچوں کی دسترس سے دور ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دیگر افراد کو بھی سگریٹ نوشی کے نقصانات سے آگاہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ آج پاکستان ماحول کے حوالے سے کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔ پاکستان ہر میدان میں ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں دین اسلام کی حقیقی تعلیمات پہنچانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا مثبت استعمال ناگزیر ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 39 سال بعد وزیر خارجہ کی سطح کا عراق کا دورہ ہوا، 10 سال بعد ہمارے وزیر خارجہ مصر گئے، کویت کے ساتھ ویزوں کی بحالی کا آغاز ہوا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت سے حج اور لیبر کے لئے کورونا ویکسین کا معاملہ جلد طے پائے جائے گا
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=255934