عمر ایوب خان نے جبری اور شادی فیڈر کا افتتاح کر دیا، نئے فیڈر سے جبری، بانڈی، نلہ، ٹیال، بدھار، ستوڑا، شادی، فاروقیہ، رانی واہ، پنڈ گجراں اور کاملپور کے صارفین مستفید ہوں گے

196

ہری پور۔ 30 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے جبری اور شادی فیڈر کا افتتاح کر دیا۔ نئے فیڈر سے جبری، بانڈی، نلہ، ٹیال، بدھار، ستوڑا، شادی، فاروقیہ، رانی واہ، پنڈ گجراں اور کاملپور سمیت دیگر متعدد علاقہ جات کے واپڈا صارفین مستفید ہوں گے۔ نئے چالو ہونے والے جبری اور شادی فیڈرز کھولیاں بالا اور حطار گرڈ سے منسلک ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا کہ عوامی مشکلات کے فوری ازالہ اور معیار زندگی بلند کرنے کے ساتھ ساتھ حلقہ کی ترقی کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، عوام نے بے پناہ محبت اور تعاون کر کے اس مقام پر پہنچایا ہے، عوامی محرومیوں کا خاتمہ اولین ترجیحی ہے، بجلی کے مسائل حل کر کے ان جگہوں پر بھی لو وولٹیج کا خاتمہ کیا ہے، جہاں کچھ عرصہ قبل موبائل بھی چارج کرنے کیلئے وولٹیج پورے نہیں ہوتے تھے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر سابق صوبائی وزیر و پی ٹی آئی کے رہنما یوسف ایوب خان، سابق ایم پی اے نثار صفدر خان، ملک عبدالسلام اور ملک سلیم عباسی سمیت دیگر عمائدین علاقہ اور سابق بلدیاتی نمائندگان اور واپڈا افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ عنقریب دو مزید فیڈرز بھی تیار ہو جائیں گے جس سے علاقہ تناول میں بجلی وولٹیج کے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو گا۔ سرائے نعمت خان فیڈر 10 جولائی جبکہ صوابی میرا فیڈر 18 جولائی کو مکمل ہو گا۔ اس موقع پر علاقہ جبری اور شادی کے عمائدین نے وفاقی وزیر عمر ایوب خان کو بجلی مسائل حل کرنے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔