فیروز سنز لیبارٹریز کا فیصل مسجد، لاہور قلعہ اور فریئرہال کو نیلی روشنی سے روشن کرکے ہیلتھ کیئر ہیروز کو خراج تحسین

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):فیروز سنز لیبارٹریز لمیٹڈ کا پاکستان کی قومی عمارتوں کو روشن کرکے ہیلتھ کیئر ہیروز کو خراج تحسین معروف فارماسیوٹیکل کمپنی فیروز سنز لیبارٹریز لمیٹڈ نے کورونا وائرس کی موجودہ وبا کے دوران ڈاکٹروں،نرسوں،پیرا میڈیکل اسٹاف اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرزکی بے لوث قربانیوں اور کاوشوں کے اعتراف میں انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے 4اور5مئی کو تین مشہور یادگاروں لاہور قلعہ،فیصل مسجد اسلام آباد اور فریئر ہال کراچی کو نیلی روشنی میں نہلا کر ملک گیر اقدام کیا۔ان سرگرمیوں کا انعقاد والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی(ڈبلیو سی ایل اے)،کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن(کے ایم سی) اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے)کے تعاون سے کیا گیا۔فیروز سنز لیبارٹریز کے اس اقدام کا مقصد ان ڈاکٹرز،نرسوں،ہیلتھ کیئر ورکرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرنا ہے،جو ہماری قوم کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

اس موقع پر ان تمام لوگوں کی نمائندگی کی گئی جنہوں نے انتہائی بہادری سے اس وباء کا مقابلہ کیا اور اپنی جانیں قربان کردیں،اور اپنے ان پیاروں کی یاد میں شمعیں روشن کیں،جو اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اس مہلک مرض سے اپنی جانیں ہار بیٹھے۔فیروز سنز لیبارٹریز کے سی ای او عثمان خالد وحید نے اس اقدام سے متعلق کہا کہ ”ہم ہر جگہ ڈاکٹروں اور فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کے مقروض ہیں جو اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر مریضوں کی زندگیوں کو اولیت دیتے ہیں،وہ صرف ہماری جانیں بچانے کے لئےاپنے اہل خانہ کو پیچھے چھوڑ جاتے ہیں،اس اقدام کا مقصد اپنے ہیروز کی حوصلہ افزائی،ان کے ساتھ تعاون اور ان کا شکریہ ادا کرنے کا اظہار ہے۔“ ڈبلیو سی ایل اے کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے ہیلتھ کیئر ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ”کووڈ۔19کے خلاف جدوجہد کرنے والے ہیلتھ ورکرز ہمارے ہیرو ہیں،مجھے فرنٹ لائن ورکرز کیلئے فیروز سنز لیبارٹریز کی یہ کاوش دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے،

مجھے بڑی خوشی ہے کہ اس نیک کام میں ہمارے محکمہ نے اپنا بھی حصہ ڈالا“کراچی میں ڈائریکٹر جنرل کے ایم سی طحہ سلیم کا فریئر ہال کو نیلے رنگ کی روشنی سے روشن کرنے کے حوالے سے کہنا تھا کہ ”ہمیں اپنے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی قربانیوں کو ہر گز فراموش نہیں کرنا چاہیئے۔ان کیلئے ہر دن ایک کڑا امتحان ہے اور کراچی میں فریئر ہال کو نیلی روشنی میں نہلا کر ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ ہم انہیں دیکھ سکتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔“ سی ڈی اے چیئرمین عامر علی نے،جن کے تعاون سے فیصل مسجد کو نیلی روشنی سے روشن کرنے کا عمل انجام پایا ،کہا کہ ”یہ ان دیکھے ہیروز ہماری بے حد ستائش اور حمایت کے مستحق ہیں۔یہ ہمارا فرض ہے کہ انہیں یاد رکھیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہوں جیسے کہ وہ ہمارے لئے کھڑے ہوئے۔“جیسا کہ اس وقت ہم اس وبا سے نبرد آزما ہیں،یہ ایک اقدام ایک یاددہانی کے طور پر تھا کہ اس میں ہم سب ایک ساتھ ہیں اورایک ساتھ ہی اس سے نجات حاصل کریں گے۔