ملکی تشخص کو اُجاگرنے سمیت حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے کے لئے پی ٹی وی اور دیگر ریاستی میڈیا کاکلیدی کردار ہے، پی ٹی وی کی عظمت رفتہ کی بحالی اولین ترجیح ہے، وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے اسلاموفوبیا اور ناموس رسالت ﷺؓ پر دو ٹوک موقف‘ عالمی فورمز پرکشمیر کا مقدمہ لڑنے، ملکی تشخص کو اُجاگرنے سمیت حکومتی اقدامات کو22کروڑ عوام تک پہنچانے کے لئے پی ٹی وی اور دیگر ریاستی میڈیا کاکلیدی کردار ہے، پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) قومی ادارہ ہے اسکی عظمت رفتہ کی بحالی اولین ترجیح ہے۔ وہ جمعرات کوپی ٹی وی میں پی ٹی وی جنرل منیجرز اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ماضی کے ناظرین واپس لاناپی ٹی وی کے تمام چینلز کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ غریب‘ بے سہارا اور پسے ہوئے طبقات کے لئے احساس پروگرام‘ کامیاب جوان پروگرام‘ لنگر خانے اور پناہ گاہیں قائم کیں گئیں ہیں، ماضی کی حکومتوں میں ایسی کوئی روایات نہیں ملتیں، ہم نے عوام کی فلاح اور بہتری کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنی ہے، حکومت کے اقدامات‘ وزیراعظم کی اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر تقاریر کو علاقائی زبانوں میں ترجمہ کر کے عوام تک پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی علاقائی مراکز‘ علاقائی میوسیقی‘ ثقافت سے متعلق پروگرامات ترتیب دیکر ناظرین تک پہنچائیں، ہمیں نوجوان نسل کو اپنی ادبی شخصیات اور قومی ہیروز سے روشناس کرانا ہے اس ضمن میں اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اپنے ناظرین کے لئے اپنے مواد کو مزید بہتر اورمربوط آرکائیوز کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔جنرل مینجرز اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و ایم ڈی پی ٹی وی شاہیرہ شاہد اور پی ٹی وی کے دیگر اعلی حکام شریک تھے