وزیر اعظم عمران خان ورچوئلی شرکت کرتے ہوئے ای سی او سربراہ کانفرنس کاجمعرات کو آغاز کریں گے ، اسلام آباد میں ہونے والی 13 ویں سربراہ کانفرنس نے پاکستان کوچیئرمین منتخب کیا تھا

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان  جمعرات کو 14 ویں ای سی او سربراہ کانفرنس میں ورچوئلی شرکت کریں گے۔

جمعرات کو وزیرا عظم آفس کے میڈیا ونگ سےجاری بیان کے مطابق 13 ویں ای سی او سربراہ کانفرنس مارچ 2017 میں اسلام آباد میں منعقد ہوئی تھی اور 13 ویں سربراہ کانفرنس نے پاکستان کوچیئرمین منتخب کیا تھا ۔

وزیراعظم عمران خان 14 ویں ای سی او سربراہ کانفرنس کا آغاز کریں گے جبکہ 14 ویں سربراہ کانفرنس ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی زیر صدارت منعقد ہو گی۔ اس سربراہی کانفرنس کا موضوع “کووڈ۔ 19 کےتناظر میں علاقائی اقتصادی تعاون” ہے۔ کووڈ۔19 کے چیلنجوں کے تناظر میں پاکستان کانقطہ نظر پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم تجارت اور رابطے کے فروغ کے ای سی او کے بنیادی اصولوں کے مطابق علاقائی اقتصادی ترقی کے لئے اپنے ویژن سے آگاہ کریں گے۔

پاکستان ایران اور ترکی کے ساتھ ای سی او کے بانی ممبران میں شامل ہے۔ اس تنظیم کا قیام 1985 میں علاقائی تعاون برائے ترقی (آر سی ڈی) کے خاتمہ کے بعد عمل میں آیا۔ افغانستان ، آذربائیجان ، قازقستان ، کرغزستان ، تاجکستان ، ترکمانستان اور ازبکستان بعد ازاں ای سی او کے ممبر کے طور پر شامل ہوئے۔ بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان ای سی او کے ساتھ پُرعزم ہے جس کا مقصد مواصلات ، تجارت ، ثقافت اور رابطے پر توجہ دینے کے ساتھ موثر علاقائی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

سربراہ اجلاس 10 رکنی ای سی او ممالک کا اعلیٰ سطحی پلیٹ فارم ہے۔ سربراہ اجلاس میں ای سی او کے مفاد کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال اور ای سی او کے پروگراموں و منصوبوں پر عملدرآمد پر پیشرفت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ پاکستان علاقائی اقتصادی رابطے سمیت ای سی او کے اہداف اور مقاصد کے حصول کے لئے فعال کردار ادا کررہا ہے۔\932