اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کا مقصد اس عزم کا اعادہ ہے کہ راہ حق پر چلنے اور عزیمت اور استقامت اختیار کرنے میں ہمیں جو بھی مشکلات پیش آئیں اور جیسی بھی قربانی دینی پڑے ہم اس سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہفتہ کو عید الاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ساری دنیا اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہی ہے۔ کورونا وائرس کی وبا ساری انسانیت کے لیے ایک چیلنج بن کر آئی ہے۔ میری پاکستانی قوم سے یہ درخواست ہے کہ عید قربان کے موقع پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے قربانی کا واجب سر انجام دیتے ہوئے غریب اور ضرورت مند طبقے کو بھی اپنے ساتھ شامل رکھیں۔ میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ اس وبا سے نبرد آزما تمام لوگوں کی حفاظت فرمائے اور انہیں اپنے شایان شان بہترین اجر عطا فرمائے اور ہمیں جلد از جلد اس سے نجات عطا فرمائے۔