وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل یو این ڈی پی و ڈائریکٹر ریجنل بیورو فار ایشیاء پیسفک کی ورچوئل ملاقات

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل یو این ڈی پی و ڈائریکٹر ریجنل بیورو فار ایشیاء پیسفک کی ورچوئل ملاقات
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل یو این ڈی پی و ڈائریکٹر ریجنل بیورو فار ایشیاء پیسفک کی ورچوئل ملاقات

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دیرپا ترقی کا حصول اور غربت کی شرح میں کمی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔یہ بات انہوں نے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل یو این ڈی پی و ڈائریکٹر ریجنل بیورو فار ایشیاء پیسفک کانی وگنا راجہ سے جمعرات کو ورچوئل ملاقات کے دوران کہی۔پاکستان میں تعینات یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ نمائندے کنوٹ اوسٹبی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بات چیت کے دوران پاکستان میں یو این ڈی پی کے جاری منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے یو این ڈی پی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دیرپا ترقی کے اہداف 2030 کے حصول میں یو این ڈی پی کی معاونت قابلِ تحسین ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم معاشی سفارت کاری کو موثر انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔ہم نے اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں تبدیل کیا ہے ۔دیرپا ترقی کا حصول اور غربت کی شرح میں کمی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ یو این ڈی پی پاکستان کے پسماندہ اور دیہی علاقوں تک اپنے منصوبوں کا دائرہ کار بڑھائے گی۔وزیر خارجہ نے “ایس ڈی جی، انوسٹمنٹ فیئر 2021 کے انعقاد اور” ایس ڈی جی انوسٹر میپ” کی تیاری میں یو این ڈی پی کی تکنیکی معاونت کی تعریف کی۔اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل یو این ڈی پی و ڈائریکٹر ریجنل بیورو فار ایشیاء پیسفک مس کانی وگنا راجہ نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے یو این ڈی پی کی جانب سے معاونت جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔