اسلام آباد ۔ 22 اکتوبر (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بجلی کی قیمت میں مجوزہ اضافے کا فیصلہ مو¿خر کر دیا۔ ای سی سی کا اجلاس پیر کو وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ نے بجلی کے شعبہ کی بہتری بالخصوص واجبات کی وصولی میں اضافہ اور نقصانات میں کمی کیلئے تفصیلی پلان طلب کر لیا۔ ای سی سی کا آئندہ اجلاس بدھ کو ہو گا جس میں واجبات کی وصولی اور نقصانات میں کمی کے حوالہ سے پلان کا جائزہ لیا جائے گا۔ آڈیٹر جنرل نے اجلاس میں حیسکو، پیسکو، کیسکو اور سیپکو ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے مالی سال 2016-17ءاور 2017-18ءسے متعلق آڈٹ کے معاملات کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ وہ رپورٹ میں اٹھائے جانے والے معاملات کے حل کیلئے اقدامات کرے۔ ای سی سی نے بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے سبسڈی کی ادائیگی سے متعلق پاور ڈویژن کی تجویز پر بھی غور کیا اور اس سلسلہ میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے بلوچستان کے وزیراعلیٰ سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا۔