وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان کی زیر صدارت متبادل توانائی ترقی بورڈ کا اجلاس

86

اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) متبادل توانائی ترقی بورڈ (اے ای ڈی بی) نے متفقہ طور پر متبادل توانائی پالیسی کے مسودے کی منظوری دیدی ہے۔ اے ای ڈی بی کا چالیسواں اجلاس جمعرات کو وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری بجلی عرفان علی اور تمام صوبائی توانائی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں متبادل توانائی پالیسی کے مسودے پر تفصیلی غور کیا گیا جو اے ای ڈی بی نے صوبائی سرکاری اداروں سمیت سرکاری اور نجی شعبے کے شراکت داروں سے مشاورت سے تیار کی ہے۔ صوبائی حکومتوں کے نمائندوں اور بورڈ کے ارکان نے پالیسی کے مسودے پر اپنی آراءدیں۔ صوبائی نمائندوں کی طرف سے دی جانے والی تجاویز اور کئی آراءپر اتفاق رائے پیدا کیا گیا جن کا مقصد پالیسی فریم ورک بہتر بنانا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر اے ای ڈی بی نے کہا کہ پالیسی کا مقصد ملک میں متبادل توانائی کے شعبہ کی پائیدار ترقی کے لئے ایک جامع فریم ورک کے ذریعے سازگار ماحول پیدا کرنا اور انرجی مکس میں قابل تجدید توانائی کا حصہ بنانا ہے تاکہ توانائی کی سلامتی کے لئے اہداف حاصل کئے جا سکیں، سستی بجلی پیدا کی جا سکے اور ماحول کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔