پوری قوم نے جمعہ کو ”یوم یکجہتی فلسطین“منایا، آزاد کشمیر،گلگت بلتستان سمیت وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں ریلیاں

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور ان کے خلاف اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی مذمت میں پوری قوم نے جمعہ کو ”یوم یکجہتی فلسطین“ بھر پور انداز میں منایا ۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر،گلگت بلتستان سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں عوام نے ریلیاں ،جلسے اور جلوسوں میں بھرپور شرکت کرکے غزہ میں انسانیت سوز مظالم کی شدید مذمت کی اور اقوام عالم کی توجہ اس جانب مبذول کرائی ۔

جمعہ کے خطبات میں بھی القدس پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی ، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے دعائیں مانگی گئیں، جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی پر قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ جب سے اسرائیل بنا ہے پاکستان کا ایک ہی موقف رہا ہے اور وہ اپنے قائد محمد علی جناحؒ کے وژن پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ سے فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔

جمعہ کی شب یوم فلسطین کے حوالے سے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستانی قوم کی فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلیوں میں بھر پور شرکت باعث مسرت ہے ۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کی ہے جس میں عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے مذمتی قرار داد اقوام متحدہ کے نمائندے کو پیش کی، سوشل میڈیا پر بھی یوم فلسطین ٹاپ ٹرینڈ رہا ۔ ملک بھر میں کورونا وبا کے حوالہ سے ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں اور مظاہرے منعقد کئے گئے جن میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور اسرائیل کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کی توجہ اس کی ذمہ داریوں کی طرف مبذول کرائی گئی۔

جمعة المبارک کے اجتماعات میں بھی القدس کی آزادی اور مظلوم فلسطینی عوام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور نماز جمعہ کے بعد یوم فلسطین کی مناسبت سے منعقدہ ریلیوں اور پروگراموں میں شرکت کی گئی۔ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہم فلسطینیوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔انہوں نے فلسطین میں شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی تشدد اور غیر قانونی اقدامات کی پرزور مذمت کرتا ہے، اسرائیلی اقدامات انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے حقوق کیلئے بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ یوم یکجہتی فلسطین کے حوالے سے دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں، سماجی تنظیموں، سول سوسائٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے افراد ریلیوں اور مظاہروں میں شرکت کی جن میں فلسطین بالخصوص غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے خلاف آواز اٹھائی گئی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کی ہے جس میں عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی سے اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام پر مظالم کے حوالہ سے 17 مئی کو منظور ہونے والی متفقہ قرارداد کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ دونوں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری سے پاکستان کے عوام اور عالم اسلام کے جذبات کی ترجمانی ہے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پرسوں ایوان میں اسرائیل کی بربریت اور ظلم پر سپیکر نے یہاں بحث کا آغاز کرایا اور پوری دنیا نے دیکھا کہ اس ایوان نے ایک متفقہ قرارداد منظور کی جو پاکستان کے عوام اور دنیا کے اربوں مسلمانوں کے جذبات کی عکاسی کرتی ہے بعد ازاں انہوں نے قرارداد کو اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے نمائندے کے حوالے کیا۔ دریں اثناءسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرقیادت ارکان پارلیمنٹ نے جمعہ کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شاہراہ دستور پر واک کی۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی جمعہ کو چیئرمین سینیٹ سینیٹرز کے وفد کے ہمراہ فلسطین کے سفارت خانے گئے ئے اور فلسطین کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ سینٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم سمیت بڑی تعداد میں ارکان قومی اسمبلی اور سینٹ نے شرکت کی، بعدازاں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ اقوام متحدہ کے دفتر جا کر قومی اسمبلی سے 17 مئی کو منظور ہونے والی متفقہ قرارداد کی نقل اقوام متحدہ کے نمائندے کے حوالے کی۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ جنگ بندی کافی نہیں اسرائیل کو مکمل طور پر فلسطین سے نکلنا اور مسئلہ فلسطین کو حل کر نا ہوگا ورنہ دنیا میں امن ایک خواب ہی رہے گا’پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کیساتھ کھڑا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر فرد غزہ اور فلسطین کے ساتھ یکجہتی کیلئے فلسطینی عوام کے ساتھ ہے، ہم سب فلسطین ہیں، سیز فائر ہونا ایک کامیابی ہے لیکن آپ کے حقوق ملنے تک ہم اس جدوجہد میں آپ کے ساتھ ہیں۔ جمعہ کو عیدگاہ راولپنڈی میں یوم فلسطین کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشرعات فرخ حبیب نے کہا ہے اسرائیلی جارحیت کے خلاف وزیر اعظم عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے آواز بلند کی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نہ صرف او آئی سی کے اجلاس میں فلسطین کا مقدمہ بہتر انداز میں پیش کیا بلکہ امت مسلمہ کو متحد کیا جس کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان، فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتا ہے، پاکستان اور امت مسلمہ کی پہلی ترجیح جنگ بندی تھی جس میں کامیابی ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر موثر اور بھرپور کردار ادا کیا۔ لال حویلی راولپنڈی میں یوم فلسطین کے موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے،آزمائش کی گھڑی میں پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے، اسرائیلی جارحیت، ظلم وبربریت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔پوری دنیا کے مسلمان نہتے فلسطینیوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے،آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا،مسلم ممالک کو مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہوگا انشا اللہ وہ وقت قریب ہے جب مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل ہوں گے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت فیصل آباد، شیخوپورہ ، سیالکوٹ ، گجرات، سرگودھا ، خانیوال، ملتان سمیت پنجاب بھر کے چھوٹے بڑے شہروں ، قصبوں میں یوم فلسطین کے موقع پر ریلیاں منعقد کی گئیں، پاکستان تحریک انصاف سمیر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتمام ریلیوں میں بڑے تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور فلسطینی عوام کو اپنی حمایت کا یقین دلایا اور جاری انسانیت سوز مظالم کی شدید مذمت کی۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے ریلیاں اور دیگر پروگرام منعقد کئے۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت مکتلف ضلعی ہیڈ کوارٹرز مین بھی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی ہدایت پر تمام ریجنل اور ضلعی کارکنان اسرائیلی بربریت کے خلاف بھرپور آواز بلند کرنے کے لئے باہر نکلے۔

تحریک انصاف کے کارکنان کورونا وبا سے بچاو کی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ہر ضلع میں قائم پریس کلب کے باہر جمع ہوئے اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ وفاقی وزیر برائے نجکاری / نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد میاں سومرو نے اپنے پیغام میں کہا کہ امت مسلمہ کا باہمی اتحاد ہی دنیا بھر کے مسلمانوں کے مسائل کا واحد حل ہے۔ یوم اظہار یکجہتی فلسطین پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ بےگناہ، نہتے اور معصوم فلسطینی مسلمانوں کی شہادت اور فلسطین کے نقصانات پر پوری پاکستانی قوم رنجیدہ ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی آواز پوری دنیا میں سنی جا رہی ہے اور ہم ہر فورم پر مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے آواز اٹھا رہے ہیں۔ لاہور لبرٹی چوک میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور غزہ فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف منعقدہ ریلی سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایمان کی طاقت سب سے بڑی طاقت ہے، اسرائیل سن لے ان کے جدید میزائل ، ٹیکنالوجی اور بم اس طاقت کو شکست نہیں دے سکتے ، فلسطینی اپنی ایمان کی طاقت سے جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں، وہ دن دور نہیں جب اسرائیل اپنے گناہوں کا کفارہ ادا کرے گا۔

یوم القدس اور اسرائیلی بربریت کے خلاف فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد سے ریلی نکالی گئی جس میں تاجروں ، سول سوسائٹی ، سیاسی و سماجی رہنمائوں سمیت این جی اوز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ جن دو ممالک نے پوری قوت کے ساتھ موثر آواز اٹھائی اور عالم اقوام کے ضمیر کو جھنجھوڑا وہ پاکستان اور ترکی ہیں جس پر یقینایہ دونوں ممالک خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ پنجاب حکومت کے تر جمان ڈاکٹر شاہد صد یق نے کہ ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کا فیصلہ خوش آئند ہے،گیارہ دنوں کی اسرائیلی بربریت نے سینکڑوں معصوم جانیں لی ہیں جس پر جتنا افسوس کیاجائے کم ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی غزہ جنگ بندی کے لئے کوششیں قابل ستائش ہیں۔ سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ فلسطینی سفیر کو پاکستانی عوام کی جانب سے مشکل کی گھڑی میں یکجحتی کا پیغام دیا ہے۔

جمعہ کو فلسطینی سفیر سے ملاقات کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملاقات میں حالیہ کشیدگی میں کمی کیلئے جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ قائد ایوان نے کہا کہ کشیدگی میں کمی کے ساتھ ساتھ مسئلے کے مستقل حل کی طرف بڑھا جائے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی شبلی فراز نے سیز فائر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی اس مسئلے کا مستقل حل ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور دہشتگرد اسرائیل کے ظلم وتشدد وسفاکیت کے خلاف بعد نماز جمعہ احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت ڈاکٹرنوشین حامد نے بھی ٹویٹر پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کے ہر فرد نے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی پکار پر لبیک کیا ہے۔

پارلیمنٹری کمیٹی برائے کشمیر برائے شہریار خان آفریدی نے کہا کہ اسرائیلی اور ہندوتوا دہشت گرد حکومتوں کے ذریعہ مسلمانوں پر مظالم کے خلاف عالمی سطح پر رد عمل کی ضرورت ہے ۔ فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اسلام آباد میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین خوش دل خان اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری احمد فاروق رانا نے قیادت کی جس میں ملک بھر سے وکلا نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کیا اور عدالت عظمی سے ڈی چوک تک احتجاجی مارچ کیا ۔

پاکستان سنی تحریک کی جانب سے فلسطینی بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی میں اسرائیلی مظالم کے خلاف مکتلف شہروں مین ریلیاں منعقد کی گئیں۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی شہریوں پر مظالم اور ان کے گھروں پر جبری قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس مشکل گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں- وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطین کیلئے متحد ہوجائو ، پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے کے ہیش ٹیگ کا حصہ بن گئے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ کے ذریعے وزیر مواصلات نے فلسطین اور غزہ اسرائیلی حملوں کے سامنے میں ہیش ٹیگ کو بھی منسلک کیا ہے اور عالمی توجہ انسانیت سوز مظالم کی جانب مبذول کرانے کیلئے غزہ اور فلسطین پر حملوں کی ویڈیو کلپ بھی شیئر کئے ۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پورے ملک کی طرح مٹیاری میں پاکستان تحریک انصاف کے سندھ میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور پی ٹی آئی رہنما حاجی عبدالرزاق میمن کی جانب سے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے جگنو سی این جی سے مٹیاری پریس کلب تک ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسرائیل کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں فلگ شگاف نعرے بازی کی گئی۔ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان میں نماز جمعہ کے بعد فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلئے واک میں زرعی یونیورسٹی کے طلبہ ، فیکلٹی اور سٹاف نے حصہ لیا۔واک کے موقع پر وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ امت مسلمہ کو متحد ہو کر فلسطین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ کی تعمیر نو کے لئے بین الاقوامی فنڈ کا قیام وقت کا ایک اہم ترین تقاضا ہے، فلسطینی اور کشمیری آزادی کے حصول کے لئے سات دہائیوں سے جو جدوجہد کررہے ہیں، امت مسلمہ یک جان ہو کر اس جدوجہد میں مظلوموں کا ساتھ دے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے اسلام آباد ڈی چوک میں ، لاہور میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور امیر لاہور ذکر اللہ مجاہد، گوجرانوالہ میں نائب امیر لیاقت بلوچ ،کراچی میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان ،کوئٹہ اور پشاور میں مولانا عبدالحق ہاشمی، پروفیسر ابراہیم اور سینیٹر مشتاق احمد خان نے لبیک القدس ملین مارچ کے شرکا سے خطاب کیا ۔