چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا سابق سینیٹر میر حضور بخش ڈومکی کے انتقال پر اظہار افسوس

150

اسلام آباد ۔ 10اکتوبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سابق سینیٹر اور بزرگ سیاستدان میر حضور بخش ڈومکی کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔ جمعرات کو اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحوم میر حضور بخش ڈومکی کی جمہوریت، پارلیمان، سیاسی و سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ مرحوم میر حضور بخش ڈومکی کو ایک مدبر اور زیرک سیاستدان کی حیثیت سے ہمیشہ یاد ر یاد رکھا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ان کے انتقال سے پاکستان کے سیاسی افق پر نہ پر ہونے والا خلا پیدا ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم میر حضور بخش ڈومکی کے صاحبزادے سابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر دوستین ڈومکی اور ان کے خاندان سے تعزیت کرتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بحیثیت سینیٹر اپنے دور میں میر حضور بخش ڈومکی نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔ مرحوم نے قانون سازی کے امور میں بہتر رہنمائی فراہم کی۔ سینیٹ مرحوم میر حضور بخش ڈومکی کی وفات پر غمزدہ ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور درجات بلندکرے۔