وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاكستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ملاقات کےدوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی كے امور پر تبادلہ کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں ،ان گہرے دو طرفہ تعلقات کی بنیاد یکساں مذہبی، ثقافتی اقدار اور عوامی سطحی روابط پر استوار ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔16 لاکھ کے قریب پاکستانی متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔وزیر خارجہ نے صحت، تعلیم ،توانائی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبہ جات میں متحدہ عرب امارات کی معاونت کو سراہا ۔وزیر خارجہ نے دسمبر 2020 میں کیے گئے اپنے دورہ ء متحدہ عرب امارات اور یو اے ای قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سطحی دو طرفہ وزٹس سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاونت ملے گی۔وزیر خارجہ نے 2021 میں دبئی میں منعقد ہونیوالی “ایکسپو “میں 3500 مربع میٹر پر مشتمل “پاکستانی پویلین “کے حوالے سے معاونت فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔اماراتی سفیر نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے, پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا عندیہ دیا