وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا متحدہ عرب امارات میں ورلڈ ایکسپو 2020 کا دورہ

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اتوار کو متحدہ عرب امارات میں، یکم اکتوبر 2021 سے شروع ہونیوالی، بین الاقوامی نمائش (ورلڈ ایکسپو 2020 ) کا دورہ کیا۔متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفیر افضال محمود ،قونصل جنرل دوبئی قونصلیٹ احمد امجد علی اور سفارتخانے کے سینئر افسران بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔

وزیر خارجہ نے دوبئی انٹرنیشنل ایکسپو میں قائم پاکستانی پویلین کا دورہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ رواں سال یکم اکتوبر 2021 سے شروع ہونیوالی اس بین الاقوامی نمائش میں پاکستانی پویلین کی موجودگی ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں پر محیط دوستی کا مظہر ہے۔

مجھے خوشی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم لاکھوں پاکستانی یہاں کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔متحدہ عرب امارات میں منعقدہ اس عالمی نمائش(ایکسپو 2020 ) میں پاکستان کی شمولیت، ہمارے دو طرفہ بڑھتے ہوئے اقتصادی روابط اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کی واضح مثال ہے۔واضح رہے کہ ‏دوبئی ایکسپو(2020ء ) کیلئے قائم کیا گیا پاکستانی پویلین، تین ہزار چار سو پچاس سکوائر فٹ پر مشتمل ہے۔