پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نَصر انسانی ہمدردی کے مشن کے سلسلے میں افریقی ممالک کے دورے پر روانہ

کراچی ۔17جنوری (اے پی پی):پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نَصر انسانی ہمدردی کے مشن کی تکمیل کے سلسلے میں مختلف افریقی ممالک کے دورے پر روانہ ہوگیا ہے۔ اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق جہاز کے دورے کا مقصد قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو مدد فراہم کرنا ہے۔ پاک بحریہ کا جہاز سیلاب زدہ اور خشک سالی سے متاثرہ افریقی ممالک کی عوام کے لیے اشیائے خورد و نوش پر مشتمل امدادی سامان سے لیس ہے ۔ اس دورے کے دوران پی این ایس نَصر جبوتی، سوڈان اور نائجر میں امداد فراہم کرنے کے ساتھ ممباسا، کینیا کا خیر سگالی دورہ بھی کرے گا۔پی این ایس نَصر کے دورے کا مقصد وزارت خارجہ اور حکومت کی (Engage Africa) پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کا فروغ اور باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔