ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کا نقطہ نظر تبدیل ہو گیاہے ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کاملتان میں مختلف تقریبات سے خطاب

ملتان ۔17جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ وسیب کو اس کی شناخت ضرور ملے گی، اب وسیب کی آواز کو نہ کوئی دبا سکتا ہے اور نہ کوئی جھکا سکتا ہے۔ ۔ تحریک انصاف وفاق کی حامی اور مضبوط فیڈریشن پر یقین رکھتی ہے۔ مضبوط انتظامی ڈھانچے اور اختیارات کی نچلی سطح پر تقسیم کیلئے جنوبی پنجاب صوبے کاقیام بہت ضروری ہے۔ ماضی کے حکمران اختیارات رکھنے کے باوجود صوبہ تو در کنار سیکرٹریٹ بھی نہ بنا سکے۔ہم نے سیکرٹریٹ بنا کر جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ ۔ وزیراعظم عمران خان کو جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے قائل کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں نجی میڈیا گروپ کے زیر اہتمام سرائیکی مشاعرہ سے خطاب ‘ این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران وفود سے ملاقات اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کا نقطہ نظر تبدیل ہو گیاہے۔ جو باتیں ہم گذشتہ دو سال سے کہتے چلے آ رہے تھے آج دنیا ان کی تائید کر رہی ہے۔ برطانوی پارلیمنٹیرینز نے واضح کر دیا کہ یہ عالمی سطح پر متنازعہ مسئلہ ہے ۔یہ یقیناً ہمارے سفارتی نقطہ ءنظر کی بہت بڑی کامیابی ہے۔یہ امر کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزائی کا باعثِ ہے اس آواز سے ہندوستان کا چہرہ مزید بے نقاب ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں دیر پا قیام امن کیلئے مصالحانہ کردار ادا کیا ۔ بھارت افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں ایک سپائیلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ وہ افغان سر زمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے۔ ہم افغان حکام کو بھی اس صورت حال سے آگاہ کر چکے ہیں اور ان شواہد کو دنیا کے سامنے بھی مسلسل رکھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پہلے دن سے کہ رہے ہیں پی ڈی ایم اندرونی انتشار کا شکار ہے۔استعفوں ‘ لانگ مارچ اور بہت سارے معاملات میں اختلافات عوام کے سامنے ہیں۔ مسلم لیگ نون کے اندر مختلف آراءہم سے ڈھکی چھپی نہیں۔جے یو آئی دو دھڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔پی ڈی ایم کی صفوں میں مایوسی پھیل چکی ہے ‘ اپنے کارکنوں کو تسلی دینے کیلئے وہ جلسے منعقد کر رہے ہیں تاکہ یہ مایوسی زیادہ نہ بڑھے۔وزیر اعظم عمران خان واضح کہہ چکے ہیں لٹیروں کو این آر او نہیں ملے گا۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے۔ شہریو ں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ملتان کا سیوریج نظام بوسیدہ ہو چکاہے جس کی تبدیلی کیلئے دو ارب روپے کی لاگت سے سیوریج سسٹم بچھایا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت بوسیدہ پائپ لائنوں کی تبدیلی کاعمل شروع ہو چکا ہے ۔ عوام کو سیوریج نظام کی تبدیلی کے ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی اولین ترجیح ہے۔ کوشش ہے ہر یونین کونسل میں کم از کم ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ ضرور لگایا جائے تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہو اور وہ بیماریوں سے بچ سکیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنوعہ اور ان کی ٹیم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ملتان کے پارکوں کی حالت زار اور ان کی بہتری بارے بات چیت کی ۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ملتان کی ترقی اور خوبصورتی کے لئے سبزہ اور شجر کاری ناگزیر ہے۔ ملتان کے پارکوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ تاکہ شہری بلا خوف و خطر اور تفریح کے مقصد سے اپنی فیملی کے ساتھ پارکوں میں آئیں۔انہوں نے کہا ملتان میں ایک نیا پارک بنایا جائے گا جبکہ 6 پارکوں کو اپ گریڈ کرکے ان کی حالت میں بہتری لائی جائیگی ۔ ان 7پارکوں میں چار کروڑ روپے کی لاگت سے لائٹس ‘ واکنگ ٹریک‘ پانی کانظام ‘گزیبو لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا میں جلد پارکوں کا وزٹ کرکے ان کی ضروریات کے مطابق فنڈز کی منظوری دونگا ۔ وزیرخارجہ نے ملتان شہرکی خوبصورتی میں اضافے کیلئے پی ایچ اے کی خدمات کو سراہا۔قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔و دربار حضرت شاہ شمس تبریز گئے جہاں انہوں نے سجادہ نشین مخدوم طارق شمسی کی وفات پر فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوںنے مرحوم کے بڑے صاحبزادے سید عباس شمسی کی دستار بندی کی۔ اس موقع پر مخدوم سید علی مہدی شمسی ‘ مخدوم زادہ سید ظفر عباس شمسی ‘ مخدومزادہ عون عباس شمسی (ایڈووکیٹ) ‘ ملک خاور بھٹہ ‘ عمران گردیزی‘ قیصر ہاشمی ودیگر افراد موجود تھے۔