اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزیر دفاع، وزیر مملکت پارلیمانی امور، صوبائی وزرا کا بی آر ٹی کے مرکزی دفتر کا دورہ

 

پشاور۔28جنوری (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد وزیراور صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی کی جانب سے بی آر ٹی پشاور کے مرکزی دفتر کا دورہ کیاگیا۔ اس موقع پر سی ای او ٹرانس پشاور سمیت دیگر حکام کی جانب سے معزذ مہمانوں کا استقبال کیا گیا۔ سی ای او ٹرانس پشاور کی جانب سے بی آر ٹی کے تمام تر آپریشنل امور اورانتظامی ڈھانچے پر تفصیلی بریفنگ دی گی۔ تمام معزذ مہمانوں کی جانب سے بی آر ٹی کے کارکردگی کو سراہا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھ کہ بی آر ٹی پشاور پبلک ٹرانسپورٹ میں اپنی مثال آپ ہے اور اس کا موازنہ کسی بھی بین الاقوامی پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم سے کیا جاسکتا ہے۔ پشاور بی آ ر ٹی منصوبہ بلاشبہ پاکستان کا سب سے بہترین اور کامیاب سفری منصوبہ ہے۔ کرونا وائرس سے ممکنہ بچا اور پھیلاو کے حوالے سے تعلیمی اداروں سمیت دیگر مختلف نجی اداروں کی بندش کے باوجود یومیہ ایک لاکھ 56ہزار سے زائد لوگوں کو بہترین سفری سہولت فراہم کر رہا ہے۔ بی آر ٹی کے آغاز سے اب تک عوام کے پیسوں کو بہت سوچ سمجھ کر اور شفاف انداز میں عوام کے وسیع تر مفاد میں لگایا گیا ہے۔ جلد تعلیمی اداروں کے آغاز اور بی آر ٹی کے بقیہ فیڈر روٹس کے آغاز کے بعد بی آر ٹی کی یومیہ سفری اعداد وشمار میں نمایاں اضافہ آئے گا مزید براں انکا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بی آر ٹی کو مزید تقویت دینے کے حوالے سے مزید 30نئی بسیں منگوائی جارہی ہیں جنکے آنے سے شہریوں کو مزید سہولت میسر ہوگی۔ بعد ازاں تمام معزذ مہمانوں کی جانب سے بی آر ٹی بس میں بغیر پروٹوکول عام عوام کے ساتھ سفر بھی کیا گیا۔ دوران سفر شہریوں کی جانب سے بی آر ٹی سسٹم کو بے بد سراہا گیا اور بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد بی آ رٹی کی افادیت کو جانچنا اور عام عوام کے تاثرات حاصل کرنا تھا جو قابل تحسین ہیں۔ بی آر ٹی پشاور کسی بھی بین الاقوامی پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم سے کم نہیں۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبہ حکومت خیبر پختون خواہ کی جانب سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس پر کام حکومت کی ترجیح اور ان تھک محنت کو ظاہر کررہا ہے۔ بی آر ٹی منصوبے سے جہاں روزانہ لاکھوں لوگ مستفید ہورہے ہیں وہیں اسکی وجہ پشاور میں ایک نمایا ں اور مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔