شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کا کامیاب انعقاد پاکستان کی سفارتی سطح پر بڑی کامیابی ہے، محترمہ نثارہ عباسی
مظفرآباد۔17اکتوبر (اے پی پی):آزادکشمیر حکومت کی مشیر برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن محترمہ نثارہ عباسی نے کہاہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کا کامیاب انعقاد پاکستان کی سفارتی سطح پر بڑی کامیابی ہے، کامیاب خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کو ایس سی او کے 23ویں اجلاس کی میزبانی کا موقع ملا۔
اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی حالیہ نسل کشی کی جانب رکن ممالک کی توجہ دلاتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور اسرائیل کی جارحیت کے حوالہ سے واضح اور دوٹوک موقف اپنا کر ایک مرتبہ پھر امت مسلمہ کا حقیقی ترجمان ہونے کا حق ادا کیا، اس سے قبل وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالہ سے واضح اور جرأتمندانہ موقف پیش کر چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اسلام آباد میں کامیاب اجلاس کے انعقاد پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ مشیرحکومت نثارہ عباسی نے کہا کہ 27 سال بعد پاکستان کا کسی بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنا مسلم لیگ (ن )کی حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کی کامیابی سے پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ بہتر ہوئی ہے اور دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ پاکستان ایک پرامن خطہ ہے ۔ نثارہ عباسی نے کہا کہ اس اجلاس سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، گرین ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل معیشت، بینکنگ، سرمایہ کاری، غربت کے خاتمہ، صحت، تعلیم، زراعت، صنعت، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، توانائی، مواصلات، سائنس، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، انفارمیشن سکیورٹی کے شعبوں میں رکن ممالک کے تعاون سے بہتری آئے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=514184