سرگودھا۔ 21 اپریل (اے پی پی):کھیلوں کے میدان آباد کئے بغیر صحت مند معاشرہ تشکیل نہیں دیا جاسکتا ،خوشی ہے کہ پاکستان میں نوجوان نسل کھیلوں کی طرف راغب ہورہی ہے اور حکومت کا وژن بھی یہی ہے کہ پنجاب میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں لایا جائے تاکہ کھیل کے میدان صحت مند معاشرے کی تشکیل میں مدد دے سکیں۔
ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر مملکت چوہدری حامد حمید نے گورنمنٹ انبالہ مسلم کالج کے دورہ کے موقع پر کیا ،جہاں پر انہوں نے انبالہ کالج کی کرکٹ ٹیم کو پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دینے کے علاوہ اپنی ذاتی جیب سے کرکٹ ٹیم کیلئے نقد انعام بھی دیا ۔
چوہدری حامد حمید نے کہا کہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہمارا فرض ہے اور پاکستان کے نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کیلئے تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔
گورنمنٹ انبالہ مسلم کالج کا شمار قدیمی درسگاہوں میں ہوتا ہے اور آج اس درسگاہ کے دورہ کے موقع پر مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میں ڈاکٹر محمد اظہر عباس جیسے ماہر تعلیم کی سربراہی میں چلنے والے اس ادارے میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں ۔
اس موقع پر چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585066