اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان کا متنازع رن آئوٹ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، کرکٹ شائقین کے ساتھ ساتھ عالمی کرکٹرز اور مبصرین نے بھی جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک کے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو ویسٹ انڈین کرکٹر شیرفین ردرفورڈ نے فخر زمان کے رن آئوٹ کے حوالے سے کہا کہ ” کیا کوئنٹن ڈی کاک کو قانون میں دھوکے کی اجازت ہے؟ جینٹلمین گیم کے ساتھ ایسا نہ کریں۔”
سابق آسٹریلوی ویمن کرکٹر لیزا سٹالیکر نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ان معاملات پر امپائرز کو فوری ردعمل دکھانا چاہیے تھا۔ مشہور کرکٹ کمنٹیٹر ایلن والکنز نے بھی ڈی کاک کے عمل پر مایوسی کا اظہار کیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ فخر زمان نے شاندار اننگز کھیلی اور ان کے رن آئوٹ ہونے پر ڈی کاک کی طنزیہ مسکراہٹ کا کیا مقصد تھا۔
بھارت کے کمنٹیٹر ہارشا بوگلے نے بھی فخر زمان کی اننگز کی تعریف کی اور کہا کہ فخر زمان ڈبل سنچری کے مستحق تھے۔ سوشل میڈیا پر اس وقت فخر زمان ٹاپ ٹرینڈ پر ہیں اور شائقین کرکٹ جنوبی افریقی وکٹ کیپر کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں وہاں فخر زمان نے رن آئوٹ کے حوالے سے کہا کہ میچ ریفری پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ کوئنٹن ڈی کاک سے زیادہ غلطی میری اپنی ہے کیونکہ میں ساتھی بلے باز حارث رئوف کو دیکھ رہا تھا کیونکہ مجھے لگا کہ وہ اپنی کریز سے کافی دور ہیں، اس لئے میرا دھیان ہٹ گیا۔