لندن۔ 26 جولائی (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کپتانوں کیلئے سلو اوور ریٹ کے قانون میں تبدیلی کرتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ اب سلو اوور ریٹ کی بناءپر کپتانوں کو معطلی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا بلکہ پوری ٹیم پر برابری کی سطح پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ نئے قوانین کا اطلاق یکم اگست سے ہو گا۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ورلڈ گورننگ باڈی نے آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں بورڈ اجلاس میں سلو اوور ریٹ کے قانون میں تبدیلی کی منظوری دی جس کے مطابق اب کپتانوں کو ایک سے زائد بار سلو اوور ریٹ کی بناءپر معطلی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا بلکہ اس کی بجائے پوری ٹیم پر میچ فیس کا برابر جرمانہ عائد کیا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ کمپیٹیشن پوائنٹس میں کمی کی جائے گی۔ یاد رہے کہ پہلے قانون کے تحت ایک سال کے دوران دو مرتبہ سلو اوور ریٹ ہونے پر کپتانوں کو معطل کر دیا جاتا تھا۔