بیجنگ ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) اکاترینا الیگزینڈروا چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ انہوں نے رائونڈ 32 میچ میں رومانیہ کی نامور ٹینس سٹار سیمونا ہالپ کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کرتے ہوئے ایونٹ سے باہر کر دیا۔ اس سے قبل سیمونا ہالپ وہان اوپن کے تیسرے رائونڈ میں فٹنس مسائل کے باعث مقابلے سے دستبردار ہوگئیں تھیں۔ چین میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز رائونڈ 32 میچز میں روسی ٹینس سٹار اکاترینا الیگزینڈروا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رومانیہ کی حریف کھلاری سیمونا ہالپ کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-3 سے اپ سیٹ شکست دیکر ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ایک اور میچ میں جمہوریہ چیک کی کترینا سینیاکووا نے لٹویا کی جیلینا اوسٹاپنکو کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-1 سے ہرا کر ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔