علیم ڈار کا ایک اور اعزاز، 200 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ایمپائرنگ کرنے والے دنیا کے تیسرے ایمپائر بن گئے، آئی سی سی کی مبارکباد

152

ڈبلن ۔ 7 مئی (اے پی پی) پاکستان کے علیم ڈار نے بطور ایمپائر 200 ون ڈے انٹرنیشنل میچز مکمل کر لئے، انہوں نے گزشتہ روز آئرلینڈ میں جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں ایمپائرنگ کے فرائض انجام دے کر یہ کارنامہ انجام دیا، وہ 200 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ایمپائرنگ کرنے والے دنیا کے تیسرے ایمپائر بن گئے ہیں، اس سے قبل روڈی کوئرٹزن اور بلی باﺅڈن بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں، روڈی 209 میچز میں ایمپائرنگ کے فرائض انجام دے کر سرفہرست ہیں۔ علیم ڈار نے 2000ءمیں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے میچ میں بطور ایمپائر ڈیبیو کیا تھا، وہ 2004ءسے آئی سی سی ایلیٹ پینل آف ایمپائرز کا حصہ ہیں اور رواں ماہ شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ میں پانچویں مرتبہ ایمپائرنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کا اعزاز حاصل کریں گے، اس کے علاوہ انہیں 2007ءاور 2011ءمیں منعقدہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس فائنلز میں بھی ایمپائرنگ کرنے کا اعزاز حاصل ہے، وہ 125 ٹیسٹ میچز میں بھی ایمپائرنگ کر چکے ہیں۔ آئی سی سی سینئر مینجر ایمپائرز اینڈ ریفریز ایڈرین گرفتھ نے علیم ڈار کو بطور ایمپائر 200 ون ڈے انٹرنیشنل میچز مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ طویل عرصے سے اپنی ذمہ داریاں بخوبی سر انجام دے رہے ہیں اور کامیاب کیریئر کیلئے ہماری ہمدردیاں ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گی۔