قومی ٹیم میں کسی کھلاڑی سے تعلقات خراب نہیں رہے ‘ عمران طاہر کے ساتھ پیش آنے والا دلچسپ واقعہ آج بھی یاد ہے،شعیب ملک

45

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں کسی کھلاڑی سے تعلقات خراب نہیں رہے‘ عمران طاہر کے ساتھ پیش آنے والا دلچسپ واقعہ آج بھی یاد ہے۔ بدھ کے روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ ٹیم میں کسی کھلاڑی سے تعلقات خراب نہیں رہے‘ محمد یوسف‘ شعیب اختر اور شاہد آفریدی کے ساتھ بہت اچھی دوستی رہی جو اب بھی ہے۔ محمد یوسف میرے روم میٹ رہے اور میری طرح کھانے کے شوقین تھے اس وجہ سے ان سے اچھی دوستی مزید گہری ہوگئی۔ جنوبی افریقی کھلاڑی عمران طاہر کے حوالے سے ایک دلچسپ واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ عمران طاہر پاکستان انڈر 19 اور اے ٹیم میں کھیل چکے ہیں‘ 1997ءمیں عمران طاہر ہمارے ساتھ جنوبی افریقہ کے دورے پر تھے۔ ہم کھانا کھانے جارہے تھے ‘ اس دوران عمران طاہر نیل کٹر سے مختلف گاڑیوں کے لاک کھولنے لگے تو ہمارے منع کرنے کے باوجود وہ اپنے مذاق میں مگن رہے‘ اس دوران ہم آگے نکل آئے اسی دوران پیچھے سے آواز آئی ” اللہ کی قسم ہے مجھے معاف کردو”۔ ہم نے مڑ کر دیکھا تو ایک بیساکھی والا شخص ان کو مار رہا تھا‘ وہ سمجھا شاید کوئی چیز چوری کرنے لگا ہے۔ ہم نے واپس جاکر عمران طاہر کی جان چھڑائی۔ شعیب ملک نے اپنی اہلیہ کے ساتھ پہلی ملاقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں بتایا کہ ہماری پہلی ملاقات آسٹریلیا میں ہوئی جہاں کچھ میڈیا کے دوستوں نے ان سے تعارف کرایا اور سات سال بعد 2010ءمیں ہماری دوسری ملاقات ہوئی اور چار ماہ بعد نکاح ہوگیا۔