اوول۔ 15 ستمبر (اے پی پی) انگلینڈ نے آسٹریلیا کو پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ میچ میں 135 رنز سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 2-2 سے برابری پر ختم ہوئی، انگلش ٹیم میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 329 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے کینگروز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 399 رنز کا ہدف دیا تھا، جواب میں آسٹریلوی ٹیم ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 263 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، میتھیو ویڈ کی مزاحمتی سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، سٹورٹ براڈ اور جیک لیچ نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اتوار کو اوول میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلش ٹیم نے 313 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دو بارہ شروع کی تو پوری ٹیم گزشتہ دن کی اننگز میں 16 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 329 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے آسٹریلیا کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 399 رنز کا ہدف دیا، جوفرا آرچر 3 اور جیک لیچ 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، نیتھن لیون نے 4، پیٹ کمنز، پیٹر سڈل اور مچل مارش نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 263 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی