گلگت ۔ 30 جون (اے پی پی) واپڈا نے دوسری ٹورڈی انٹرنیشنل خنجراب سائیکلنگ ریس جیت لی، بلوچستان دوسری جبکہ سوئی سدر ن گیس (ایس ایس جی سی) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایونٹ کے چار مرحلوں میں مجموعی طور پر واپڈا کے نجیب اللہ نے آٹھ گھنٹے 41منٹ اور 39سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ بلوچستان کے حنظلہ نے 8گھنٹے 44منٹ اور 42سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے دوسری جبکہ ایس ایس جی سی کے عبدالرزاق نے 8گھنٹے 46منٹ اور 47سیکنڈ میں طے کر کے تیسری پوزیشن حاصل کر لی اسی طرح آرمی کے عبداللہ خان نے 8گھنٹے 48منٹ اور 44 سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔ ایونٹ میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان سائیکلسٹ فصیح اللہ نے 8گھنٹے 50منٹ اور 37سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے بہترین نوجوان رائیڈر کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس سے قبل ایونٹ کا چوتھا اور آخری مرحلہ سوست سے شروع ہو کر خنجراب تک اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ فاصلہ 84کلومیٹر پر محیط تھا جس میں واپڈا کے نجیب اللہ نے یہ فاصلہ دو گھنٹے 55منٹ اور 8سیکنڈ میں طے کر کے پہلی ، بلوچستان کے حنظلہ نے مطلوبہ فاصلہ 2گھنٹے، 55منٹ اور 9سیکنڈ میں طے کر کے دوسری جبکہ ایس ایس جی سی کے عبدالرزاق نے 2گھنٹے 58منٹ اور 39سیکنڈ میں طے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ قبل ازیں ایونٹ میں مجموعی طور پر واپڈا کی ٹیم چھائی رہی۔ ایونٹ کے پہلے ، دوسرے اور چوتھے مرحلے میں واپڈا کے نجیب اللہ نے کامیابی حاصل کی۔ جبکہ تیسرے مرحلے میں واپڈا ہی کے اویس خان نے ہی کامیابی حاصل کی تھی۔