انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز بنا لئے، رورے برنز نے 81 رنز کی اننگز کھیلی

برمنگھم۔10جون (اے پی پی):انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز 7 وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز بنا لئے، رورے برنز نے 81 رنز کی اننگز کھیلی، ڈان لائورنس کی 67 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز نے انگلینڈ کی لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سنبھالا دیا۔

جمعرات کو برمنگھم کے ایجبسٹن سٹیڈیم میں کھیلے جارہے دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم پہلے روز کھیل کے اختتام پر سات وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز بنا سکی۔

انگلش اوپنرز رورے برنز اور ڈوم سبلی نے اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ 72 کے مجموعی سکور پر گری جب ڈوم سبلی 35 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، سبلی کے آئوٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تاہم رورے برنز نے ایک اینڈ پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ وہ 81 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

رورے برنز اور ڈان لائورنس کے علاوہ کوئی انگلش بلے باز نیوزی لینڈ کے بائولرز کے سامنے جم کر بیٹنگ نہ کر سکا۔ کپتان جوئے روٹ صرف 4 رنز بنا سکے۔ اولی پوپ 19 اور اولے سٹون 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ زیک کرائولی اور جیمز بریسلے صفر پر آئوٹ ہوئے۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی پہلی اننگز کا خاتمہ جلد ہی ہو جائے گا تاہم ڈان لائورنس نے انگلینڈ کی گرتی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دیا۔ وہ 67 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ ہیں جبکہ مارک وڈ 16 رنز بنا کر ان کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بائولر ٹرینٹ بولٹ، میٹ ہینری اور سپنر اعجاز پٹیل نے دو دو انگلش کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ نیل ویگنار نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس طرح انگلینڈ نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 258 رنز بنا لئے ہیں جبکہ اس کی ابھی تین وکٹیں باقی ہیں۔