ضروری نہیں کہ اچھا کھلاڑی اچھا کوچ بھی ہو، محمد عامر

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عامر نے کہا ہے کہ ضروری نہیں کہ اچھا کھلاڑی اچھا کوچ بھی ہو، موجودہ مینجمنٹ کے ہوتے ہوئے ٹیم میں نہ کھیلنے کے فیصلے پر قائم ہوں۔ جمعرات کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ میں پرفارمنس کی وجہ سے ٹیم سے باہر نہیں ہوا مجھے آہستہ آہستہ سائیڈ لائن کیا گیا۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بائولنگ وقار یونس نے صرف میڈیا میں آ کر کہا کہ میرے لئے دروازے کھلے ہیں اگر میرے لئے دروازے کھلنے والی بات ہوتی تو وہ پہلے مجھ سے بات کرتے۔ انہوں نے کہا کہ دیانتداری کی بات ہے موجودہ ٹیم مینجمنٹ کے ہوتے ہوئے اب نہیں کھیل سکتا۔ فاسٹ بائولر نے کہا کہ معاملہ بہت آگے بڑھ چکاہے۔ مصباح الحق اور وقار یونس اچھے کھلاڑی اور کپتان رہے ہیں، کوچنگ کے لئے الگ مائنڈ سیٹ درکار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ اچھا کھلاڑی اچھا کوچ بھی ہو۔