پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان آخری ٹی ٹونٹی میچ (کل) کھیلا جائے گا، پاکستان کو سیریز میں 1-2 کی برتری

سنچورین۔15اپریل (اے پی پی):پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 4 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا آخری میچ (کل)جمعہ کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو پروٹیز کے خلاف سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔پاکستان نے سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقاکو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست سے دوچار کرکے سیریز میں برتری حاصل کر لی ۔

دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا آخری میچ (کل) جمعہ کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے لئے ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کا بہترین موقع ہے جبکہ جنوبی افریقاآخری میچ میں فتح حاصل کرکے سیریز برابر کر سکتا ہے۔ پاکستان نے دورہ جنوبی افریقا کے دوران سنچورین میں دو ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلا اور تینوں میں فتح حاصل کی۔

واضح رہے جنوبی افریقہ نے 2019 کے بعد اپنے ملک میں کوئی ٹی ٹونٹی سیریز نہیں جیتی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم 2018کے بعد بیرون ملک دوروں میں کوئی ٹی ٹونٹی سیریز نہیں جیت سکی ہے۔اس سے قبل پاکستان ٹیم نے پروٹیز کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔

پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ میزبان ٹیم ہنریچ کلاسین کی زیرقیادت میدان میں اترے گی۔دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز کے آخری میچ میں کامیانی کے لئے بیانات دیئے ہیں اس لئے آخری میچ میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔