پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کوچز کی استعداد بہتر بنانے کا پروگرام

Pakistan Hockey Federation
Pakistan Hockey Federation

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپین آصف باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کوچز کی استعداد بہتر بنانے کا پروگرام منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے، پی ایچ ایف لیول تھری، لیول ٹو اور لیول ون کورسز کے ذریعہ کوچز کی استعداد کو چانچنے، بڑھانے اور کیٹیگرائز کرنے سمیت نئے کوچز کے لئے روڈ میپ ڈیزائن کیا گیا ہے، پاکستان بھر سے ڈیپارٹمنٹل، صوبائی اور ضلعی کوچز حصہ لیں گے، کوچنگ کورسز میں ایف آئی ایچ اور ایشین ہاکی فیڈریشن کی معاونت بھی شامل ہوگی، اس سلسلہ میں لیول تھری کوچنگ کورس میں شرکت کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تمام متعلقہ یونٹس کو شرکت کے لئے ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔ ایف آئی ایچ اور اے ایچ ایف کی معاونت سے کوچنگ کورسز کےنصاب سمیت کوچز کی استعداد کو بہتربنانے کے پروگرام کو شروع کرنے جارہے ہیں۔

ان کورسز سے موجود کوچز کی تعداد کو جانچنے ، پرکھنے ، بہتر بنانے اور کیٹیگرائز کرنے کے ساتھ ساتھ نئے کوچز کو بھی آگے آنے اور پرفارم کرنے کا موقع ملے گا۔ آصف باجوہ نے بتایا کہ لیول تھری سے جو کوچز بہترین کارکردگی دکھائیں گے انکو لیول ٹو اور اسکے بعد اسی طرح لیول ون کی جانب پروموٹ کیا جائیگا اور یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا تاکہ ہمارے گراس روٹ لیول اور انٹرنیشنل ہاکی لیول کوچنگ سٹینڈرڈز کو ایک ایک پیچ پر لایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کوچنگ کا باقاعدہ نصاب بھی تیار کیا جائیگا تاکہ تمام کوچز کو انٹرنیشنل کوچنگ سٹینڈرڈ پیٹرن کے تحت تربیت یافتہ کیا جاسکے۔ جس سے گراس روٹ لیول پر کھلاڑیوں کی بنیادی ہاکی سکلز، فزیکل ٹریننگ اور جدید ہاکی کی تکنیک کو درست انداز میں سیکھنے اور انٹرنینشل ہاکی کے معیار کے مطابق اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے موقع ملیں گے۔