، آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا آئیڈیاز 2018کانفرنس سے خطاب

66

اسلام آباد ۔ 28 نومبر (اے پی پی) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بھارت کو جنوبی ایشیاءبالخصوص پاکستان میں عدم استحکام کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیرپر اصولی موقف اپنانے اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کی حمایت کرنے کی سزا دینے کےلئے بھارت پاکستان کو کمزور کرکے علاقے میں اپنی اجارہ داری قائم کرنا چاہتا ہے۔ آئیڈیاز 2018کانفرنس میں علاقے میں عدم استحکام کی تاریخ“ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت اپنی سات لاکھ فوج کے ساتھ ایک جنگ مقبوضہ جموں وکشمیر میں لڑ رہا ہے جس میں 1989ءسے لے کر اب تک ایک لاکھ سے زیادہ کشمیریوں کو شہید کرچکا ہے، بھارت نے اہل کشمیر اور پاکستان کے خلاف دوسرا جنگی محاذ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر جارحیت کی صورت میں کھول رکھا جہاں آئے روز بھارتی افواج بے گناہ شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بناتی ہیں۔ بھارت نے تیسرا محاذ بلوچستان ، قبائلی علاقوں اور پاکستان کے بعض اہم شہروں میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے دہشت گردانہ کارروائیوں کی شکل میں کھول رکھا ہے۔