،ترکیہ نے ہمیشہ حق استصواب رائے کی حمایت کی ،کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جا سکتیں،پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار

168

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):ترکیہ کے نامور ماہر تعلیم ، دانشوراور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے کنٹری ڈائریکٹرپروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کے لئے بڑی قربانیاں دیں ہیں اور اب بھی دے رہے ہیں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جا سکتیں،ترکیہ نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق استصواب رائے کی حمایت کی ہے،پاکستان ہماری ترجیحات میں ہمیشہ سے بے حد اہم دوست ملک ہے اور اس پالیسی میں کوئی فرق نہیں آ سکتا۔ وہ یہاں تھینک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انسپاڈ کے صدر کشمیری دانشور ڈاکٹر محمد طاہر تبسم کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے بات چیت کر رہے تھے، وفد میں ملک کے ممتاز صحافی تجزیہ نگار اور انسپاڈ کے چیئرمین عالمی امور کمیٹی جاوید صدیق اور ڈائریکٹر انسپاڈ محمد عقیل خان شامل تھے۔اس موقع پر یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے لیکچرر ایرین عباس اوغلو بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر خلیل طوقار نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کی ہے ہمارے اہل پاکستان سے مذہبی، سماجی سیاسی اور ثقافتی انمٹ رشتے ہیں، ہمیں ان رشتوں کو مزید مضبوط اور نئی نسل تک پہنچانا ہے جس کے لئے حکمت عملی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انسپاڈ کے صدر ڈاکٹر طاہر تبسم نے کہا کہ ترکی ہمارے دلوں میں بستاہے ہمیں صوفی شعراُ کے ورثہ کو دونوں ممالک کے عوام تک پہنچانا ہو گا اور ثقافتی تعلیمی اور مذہبی سطح پر مزید تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا، انسپاڈ اس سلسلے میں ترکیہ کے اہم اداروں اور تنظیموں سے رابطے کرنے کی خواہاں ہے دونوں اداروں نے مستقبل میں رابطہ رکھنے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔