فیصل آباد 25 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہاہے کہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کےلئے موجودہ سکالر شپ سکیم کے تحت طلباءکے تعلیمی ، تدریسی ، تحقیقی اخراجات پورے نہیں ہو سکتے اسلئے حکومت پنجاب نے نئی سٹوڈنٹس سکالر شپس سکیم لانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ذہین طلباءو طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی تکمیل تک مکمل تعلیمی اخراجات ادا کئے جائیں گے تاکہ انہیں اپنی ہائر و پروفیشنل ایجوکیشن کی تکمیل میں کسی مالی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ مکمل ےکسوئی کے ساتھ اپنی تمام توجہ تعلیم کی جانب مبذول کرتے ہوئے خود کو ملک و قوم کا مفید شہری ثابت کر سکیں۔جمعرات کی دوپہر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے اقبال ہال میں اقلیتی ذہین طلباءو طالبات میں میرٹ سکالر شپس کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ حکومت تعلیم و صحت کے فروغ کےلئے اپنے تمام ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وہ واحد جماعت ہے جو قائد تحریک عمران خان کی قیادت میں ےوتھ کے ووٹوں سے اقتدار میں آئی ہے اور چونکہ مستقبل میں ملک کی باگ ڈور اسی ےوتھ نے سنبھالنا ہے لہٰذا حکومت ےوتھ کو مفید ترین شہری بنانے کے ضمن میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہ کرے گی۔انہوںنے کہا کہ وظائف کی فراہمی جہاں ذہین و مستحق طلباءکی حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہے وہیںاس سے دیگر طلباءکو بھی محنت کی ترغیب ملتی ہے۔انہوںنے کہا کہ ملکی ترقی اسی صورت ممکن ہے جب قومی ترقی ہو گی اور قومی ترقی و خوشحالی کےلئے قابل ، ذہین و محنتی بچوں کی کھل کر حوصلہ افزائی اشد ضروری ہے۔