،وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد کامختلف اجلاسوں سے خطاب

100
APP56-13 LAHORE: November 13 – Advisor to PM for Commerce, Textile and Industry Production Abdul Razak Dawood in a meeting with business leaders of Engineering Development Board at NFC. APP photo by Chaudhry Ansar

لاہور۔13 نومبر(اے پی پی )وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت‘ ٹیکسٹائل‘ صنعت‘ پیداوار و سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد نے منگل کو یہاں انجینئرنگ کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے تاجر رہنماﺅں سے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی بحالی کے حوالے سے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی‘ اس موقع پر انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے عہدیداران سمیت دیگر بھی موجود تھے‘ اس موقع پر عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ موجودہ حکومت نے حال ہی میں انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو قومی و بین الاقوامی معیار اورمسابقت کے لحاظ سے بحال کردیا ہے تاکہ یہ ملکی صنعتی استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں کیونکہ ای ڈی بی قومی صنعت کی بحالی میں کلیدی کردار کا حامل ادارہ ہے‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انجینئرنگ کے سازو سامان کی برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں لیکن اس شعبہ کو مختلف پیچیدہ چیلنجز کا سامنا تھا جن میں پالیسیوں کا عدم تسلسل اور حکومت کی جانب سے ضروری حکمت عملی میں تعاون کی فراہمی شامل ہیں‘ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو پاکستان کے صنعتی شعبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور عالمی سطح پر ہونیوالی تبدیلیوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کا بھرپور حق حاصل ہے تاکہ مقامی انجینئرنگ کی صنعت کو عالمی معیارات کے رجحانات کے مطابق ڈھالا جاسکے