لاہور۔27 مئی(اے پی پی )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کے سخت چیلنج کے باوجود پاکستان اور چین کے در میان رشتہ کبھی کمزور نہیں ہوگا۔پاک چین دوستی مشترکہ قدروں، تجربات، اہداف، امن وبھائی چارے اور خوشحالی کی مشترکہ خواہش پر استوار ہے۔ سی پیک نے پاک چین دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، معاشی وسماجی ترقی کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے میں مدد دی ہے۔پنجاب کی آبادی کا سب سے بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہمیں ملکر ان کو ٹیکساٹل زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملازمتیں فراہم کر نی ہیں۔ وہ سوموار کے روز گورنر ہائوس لاہور میں چین کے نائب صدر وانگ چی شن سے ملاقات اور انکے اعزاز میں دیئے جانیوالے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقعہ پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ چینی قونصل جنرل لاہور لونگ ڈنگ وفاقی وزیر خسرو بختیار ،سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی ،صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت سید صمصام علی بخاری، چین وفد کے اراکین اور پنجاب کابینہ کے وزراء سمیت اہم شخصیات بھی موجود تھیں عشائیہ سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے ایک عظیم چینی وفد کا لاہور میں استقبال کر نے کا موقع ملا ہے لاہور پاکستان کا سب سے تاریخی شہرہے میں آپ کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں خوش آمدید کہتاہوں جو کہ امن دوستی اور بھائی چارے کا مہینہ ہے۔ نائب صدر وانگ چی شان کا دورہ پاکستان اور چین کے دوران عظیم رشتوں اور عظیم روایات کا عکاس ہے پاکستان اور چین کے در میان تاریخی اور طویل تعلقات دو طرفہ ہیں اور میں یہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ہمارے پاس ان تعلقات کو بہتر بنانے کا ایک عظیم موقع موجود ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی جسکے لیے میں حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے آپ سب کا شکریہ ادا کر تاہوں ہم اس بات سے آگاہ ہیں کہ جناب وانگ چی شان نے بینکرز سے لیکر میئر آف بیجنگ اور پھر چین میں کر پشن کے خلاف مہم چلانے کا ایک عظیم کام کیا ہے تاریخ سیاست اور فلسفے پر آپ کا عبوربھی ناقابل یقین ہے چین کے سب سے بڑے کرائسسز منیجر کے طور پر آپ جانے جاتے ہیں ہر وہ شخص جو میرے سیاسی سفر سے آگاہ ہے وہ اس بات سے بھی آگاہ ہے کہ میرا سیاسی سفر بھی ایک کرائسسز کے بعد دوسرے کرائسسز کا شکار رہا ہے مگر میں بھی ہر کرائسسز سے کامیاب ہو کر نکلتا رہاہوں۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے نائب چینی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ سے تبادلہ خیال کر نے پر انتہائی خوشی ہے جیسا کہ ایک چینی کہاوت ہے، کہ ایک عقل مند انسان سے بات چیت 10سال کتابیں پڑنے سے بہتر ہے۔ میں آج چین کو مبارکبا ددینا چاہتاہوں جو کہ سب سے زیادہ تیزی کے ساتھ معاشی ترقی کر نے والا ملک بن چکا ہے اور ون روڈ ون بیلٹ منصوبے کا خالق ہے۔ یہ عالمگیر یت کا ایک نیا جہد ہے جس میں، اس منصوبے کی وجہ سے 122ممالک ایک دوسرے سے سڑک ‘ریل اور سمندرکے ذریعے مل جائیں گے، پاکستان کو اس منصوبے میں سب سے پہلے شر اکت دار بننے پر فخر ہے اور اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ سی پیک پاکستان کی معیشت اور عوام کیلئے بہت زیادہ فوائد لیکر آیا ہے۔ سنٹر ل ایشیاء کے ممالک تک ہماری برآمد ت کی رسائی کو ممکن بنارہا ہے۔کسی بھی قسم کے سخت چیلنج کے باوجود پاکستان اور چین کے در میان رشتہ کبھی کمزور نہیں ہوگا ہمارے تعلقات دنیا میں امن اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہماری حکومت پاک چین تعلقات کو ایک نئی سطح پر لیکر جاررہی ہے ہمیں موسمیاتی تبدیلی تعلیمی مسائل اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے پنجاب کی آبادی کا سب سے بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہمیں ملکر ان کو ٹیکساٹل زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملازمتیں فراہم کر نی ہیں مجھے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے یہ ٹاسک ملا کہ میں مذہبی سیاحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کام کروں اور اس کیلئے بھی چین کی جانب سے کوئی بھی مدد ہمارے لیے انتہائی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کیساتھ سماجی سیاسی اور معاشی رشتوں کو مضبوط بنانے کیلئے ہم آپ کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں اور میں یہ یقین رکھتاہوں کہ عظیم پاک چین تعلقات ہی ایک خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھیں گے اور میں آخر میں ایک بار پھر نائب چینی صدر اور انکے ساتھ آنیوالے وفد کا بھرپورشکر یہ ادا کرتا ہوں۔