اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں عوام اور صنعت کار اچھی خبریں سنیں گے، بجٹ میں پٹرول، بجلی کی قیمتیں اور شرح سود مزید کم ہوں گے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہارون اختر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی معاشی سرگرمیاں نواز شریف کے وژن کی عکاس ہیں، وہ معاشی ترقی کی شرح کو 7 فی صد تک پہنچانا چاہتے ہیں، اور اس شرح کو 10 سال کے لیے مستحکم رکھنے کے خواہش مند ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم برآمدات میں اضافے کو معاشی ترقی کی لائف لائن قرار دیتے ہیں اور معاشی معاملات پر بھرپور توجہ دیے ہوئے ہیں۔ ہارون اختر نے وزیر اعظم کی حکمت عملی کے حوالے سے کہا کہ معاشی مشکلات کے لیے شہباز شریف الگ الگ کمیٹیاں بنا کر مسائل حل کیے جا رہے ہیں، وزیر اعظم معاشی مسائل کے حل کا ٹاسک دینے کے بعد اس پر پوچھ گچھ کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سرمایہ کاروں کو تحفظ اور اعتماد دینا چاہتے ہیں، اور پاکستان کو خطے میں سرمایہ کاری کی جنت بنانا چاہتے ہیں، ملک میں کاروبار چلیں گے تو ہی ترقی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے صنعتوں کو ریلیف دینے کے لیے بجٹ کا انتظار نہیں کیا، بجٹ سے پہلے ہی صنعتوں کی بجلی کے ریٹ کم کیے گئےاور بنیادی شرح سود میں کمی کی گئی۔
ہارون اختر نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرول کا ریلیف عوام کو منتقل کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے جنگی حالات میں بھی معاشی امور پر کمیٹیوں کے اجلاس کی سربراہی کی، اور آئندہ مالی سال کا بجٹ وزیر اعظم کے معاشی وژن کی عملی شکل ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597276