اسلام آباد ۔ 28 جون (اے پی پی) وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا تاہم خیبر پختونخوا، بالائی/وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیراوراسلام آباد میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کےزیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اورکشمیر میں بارش ہوئی۔ اسلام آباد(سید پور 16، ائیر پورٹ ٹریس )، خیبر پختونخوا میں دیر( بالائی 10، زیریں 01)، بالاکوٹ 04، پٹن 02، کالام، مالم جبہ 01،کشمیر میں گڑھی دوپٹہ 08، مظفرآباد ائیر پورٹ 02 اور سٹی میں 01 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو 48، سبی 47، جیکب آباد 46 اورروہڑی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔