آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چاروں صوبوں سمیت کشمیر ،گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے ،چند مقامات پر آندھی /جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

11

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب ،خطۂ پوٹھوہار، خیبرپختونخواہ، سندھ ، شمالی،جنوب مشرقی بلوچستان، کشمیر ،گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر آندھی /جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا جبکہ وسطی /جنوبی پنجاب، با لائی خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور شہید بینظیر آباد میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش بہاولنگر میں 8،اوکاڑہ 4،ساہیوال 3،ٹوبہ ٹیک سنگھ 2، لوئر دیر 7، سیدو شریف 3، کاکول، مردان، دروش ایک، گوپس اور شہید بینظیر آباد میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

اتوار کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق نورپورتھل،تربت میں درجہ حرارت 48 ،جہلم،بھکر46،جوہرآباد،جیکب آباد ، منڈی بہاؤالدین ،منگلا، سبی میں 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔