آئی ایس ایس آئی کی اعزاز احمد چوہدری کے اعزاز میں الوداعی تقریب

238
آئی ایس ایس آئی کی اعزاز احمد چوہدری کے اعزاز میں الوداعی تقریب

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی)میں اعزاز احمد چوہدری کی بطور ڈائریکٹر جنرل مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ اعزاز احمد چوہدری نے جون 2018 میں آئی ایس ایس آئی میں شمولیت اختیار کی، پاکستان کی فارن سروس سے ریٹائرمنٹ کے بعد امریکا میں سفیر اور اس سے قبل بطور سیکرٹری خارجہ خدمات انجام دیں۔ان کے دور میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز نے وسیع پیمانے پر اصلاحات کیں، انفراسٹرکچر کو بہتر کیااور چار سنٹرز آف ایکسیلینس قائم کئے جبکہ انہوں نے ادارے کی پالیسی سے متعلق تحقیق کو منظم کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن/سی پی ایس سی ڈاکٹر طلعت شبیر، ڈائریکٹر (اے سی ڈی سی) ملک قاسم مصطفی، ڈائریکٹر (کیمیا)آمنہ خان، ڈائریکٹر (آئی ایس سی)ڈاکٹر ارشد علی، ڈائریکٹر (سی ایس پی) ڈاکٹر نیلم نگاراور کئی دیگر ریسرچ فیلوز/ریسرچ ایسوسی ایٹس نے اعزاز احمد چوہدری کی قیادت میں تحقیق اور مکالمے میں حاصل ہونے والی پیشرفت پر روشنی ڈالی۔آئی ایس ایس آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سفیر خالد محمود نے ادارے کی تحقیقی سرگرمیوں کے معیار کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اس کی رسائی اور پالیسی سے متعلق ادارے کو فروغ دینے میں اعزاز احمد چوہدری کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے ادارے میں کی جانے والی انتظامی تبدیلیوں پر ان کے کردار کو بھی سراہا۔ سفیر خالد محمود نے کہا کہ اعزاز احمد چوہدری اپنے آئی ایس ایس آئی کے ساتھیوں کے لئے ایک اثاثہ تھے۔سابق سیکرٹری خارجہ اور آئی ایس ایس آئی کے نئے ڈائریکٹر جنرل سہیل محمود نےاعزاز احمد چوہدری کی کاوشوں کو سراہا جس کی وجہ سے ادارے کے عزت میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس کام کو اجتماعی کوششوں سے آگے بڑھایا جائے گا اور مزید وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے اعزاز احمد چوہدری کے لیے مستقبل کی کاوشوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارہ ان کے تعاون اور دانشمندانہ رہنمائی سے مستفید ہوتا رہے گا۔اپنے اختتامی خطاب میں اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ محنتی ریسرچ فیکلٹی اور انتظامیہ انسٹی ٹیوٹ کے لئے تقویت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ اپنے تحقیقی کام اور باقی اداروں سے رسائی کی کوششوں میں نئی ​​بلندیوں کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے ارکان کی لگن اور کاوشوں کو سراہا اور بطور ڈائریکٹر جنرل اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ان کے قابل قدر تعاون پر شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین آئی ایس ایس آئی ایمبیسڈر خالد محمود نے اعزاز احمد چوہدری کو خصوصی سووینئر پیش کیا ۔