آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے ملک میں معاشی استحکام لانے میں مدد ملے گی،مفتاح اسماعیل کی نجی ٹی وی سے گفتگو

189
حکومت معیشت اور سیلاب سے پیدا ہونے والے چیلنجوں اور مشکلات سے نمٹنے کیلئے تیارہے، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے ملک میں معاشی استحکام لانے میں مدد ملے گی۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئی ایم ایف کے ساتھ نرم معاہدہ نہیں کر سکی لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو آئی ایم ایف کی جانب سے مثبت جواب ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستانی حکومت کی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے کاروباری اور اقتصادی شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

سیلاب کے بعد اشیائے خوردونوش کی قلت اور مہنگائی میں اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوراک کے بحران سے بچنے کے لیے ہم پڑوسی ملک سے گندم اور سبزیاں درآمد کریں گے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک کو شدید سیلاب کی وجہ سے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، تباہ کن سیلاب کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔آئی ایم ایف کے سخت مطالبات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سے سرمایہ کاری آرہی ہے۔

ملک کے لیے وزیر اعظم کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے سخت فیصلوں کی وجہ سے پاکستان سنگین معاشی بحران سے نکل آیا ہے۔پی ٹی آئی رہنمائوں کے منفی کردار سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما نے آئی ایم ایف پروگرام کو روکنے کی پوری کوشش کی۔