آئی ایم ایف کے توسیعی سہولت فنڈ کے تحت ساتویں جائزے کے لئے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی سطح پر با ت چیت کا سلسلہ جاری ہے، ترجمان وزارت خزانہ

144
Managing Director of the IMF

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے توسیعی سہولت فنڈ کے تحت ساتویں جائزے کے لئے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان باقاعدہ بنیادوں اور تکنیکی سطح پر با ت چیت کا سلسلہ جاری ہے،

ستمبر تک آئی ایم ایف کے پروگرام کو مکمل کرنے میں پرعزم ہیں۔جمعرات کو یہاں جاری بیان میں وزارت خزانہ کے ترجمان نے آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت ساتویں جائزے کے حوالے سے میڈیا میں قیاس آرائیوں پر اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ساتویں جائزے کے تحت فریقین کے درمیان باقاعدہ بنیادوں اور تکنیکی سطح پر ورچوئل ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں معلومات کاتبادلہ بھی ہو رہا ہے۔

ساتویں جائزے کے تحت مذاکرات کا ہدف فریقین کے طے کردہ اہداف کے حصول پر ہے جس میں حالیہ امدادی اور صنعتی ترقی کے لئے اعلان کردہ پیکجزشامل ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ اس بات پر اتفاق رائے ہوا ہے کہ دسمبر کے آخر تک کے تمام اہداف حاصل کئے گئےہیں جبکہ چھٹے جائزے کے تحت میمورنڈم آن اکنامک ان فنانشیل پالیسیز (ایم ای ایف پی) کے تحت ایکشن پرعملدرآمد بھی اطمینان بخش ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ریلف پیکج کے حوالے سے تمام تفصیلات بشمول مالیاتی آپشنز آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کئے گئےہیں اور اس حوالے سے عمومی اتفاق رائے موجودہے تاہم بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے آئندہ چند دنوں میں انڈسٹریل پروموشن پیکج پرمزید بات چیت کا اشارہ دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ان مذاکرات میں مفاہمت کا امکان موجود ہے۔

وزارت خزانہ کے ترجمان نے بتایا کہ تکنیکی نوعیت کی بات چیت مکمل ہونے کے بعد ساتویں جائزے کے میمورنڈم آن اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز کے مسودے پر بات چیت کا آغاز ہو گا۔ حکومت پاکستان کویقین ہےکہ ایم ای ایف پی کو حتمی شکل دینے کے بعد اپریل کے آخر تک بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے بورڈ کا اجلاس منعقد ہو گا۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان کی حکومت ستمبر تک آئی ایم ایف کے پروگرام کو مکمل کرنے میں پرعزم ہے۔