آئی اے ای اے کی طرف سے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زرعی سائنسدانوں کو تین ایوارڈز سے نوازا گیا

142
Director General IAEA
Director General IAEA

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی(آئی اے ای اے)نے زرعی تحقیق کے شعبہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن(پی اے ای سی)کے زرعی سائنسدانوں کو تین ایوارڈز سے نوازا ہے۔منگل کو پی اے ای سی کے مطابق آئی اے ای اے نے پلانٹ موٹیشن بریڈنگ اور متعلقہ بائیو ٹیکنالوجیز میں اہم کامیابیوں کے اعتراف میں پی اے ای سی کے ایگریکلچر ریسرچ سینٹر اور نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ برائے ایگریکلچرو بائیو ٹیکنالوجی(این آئی اے بی) فیصل آباد کو نمایاں اچیومنٹ ایوارڈ کیلئے منتخب کیا ہے۔

اس طرح اسی شعبہ میں کامیابیوں کیلئے پی اے ای سی سے محمد کاشف ریاض خان کو ینگ سائنسداں ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے جبکہ نمایاں اچیومنٹ ایوارڈ مشترکہ طور پر منظور حسین،کاشف ریاض خان،سجاد حیدر،حافظ ممتاز حسین اوراین آئی اے بی کے اللہ دتہ کو دیا گیا ہے۔یہ ایوارڈز سرٹیفکیٹس کی شکل میں دیئے جائیں گے،جس پر ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے رافیل ماریانو گروسی اور ڈائریکٹر جنرل ایف اے او کیوڈونگ یو کے دستخط ہونگے۔ یہ ایوارڈز پی اے ای سی سائنسدانوں کی جانب سے معیاری تحقیقی کام ،تکنیکی مہارت اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔

ان ایوارڈز کا باضابطہ اعلان آئی اے ای اے جنرل کانفرنس کے آئندہ سالانہ ریگولر سیشن کے دوران کیا جائیگا،جو رواں سال 20سے 24ستمبر تک آئی اے ای اے ہیڈ کورٹرز ویانا میں منعقد ہو رہا ہے۔چیئر مین پی اے ای سی محمد نعیم نے زرعی تحقیق کے شعبے میں نمایاں کامیابیوں پر سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ کامیابیوں کے اس جذبے کو کو برقرار رکھا جائیگا اور پاکستانی سائنسدانوں کی سخت محنت کو ملک اور بیرون ممالک تسلیم کیا جاتا رہے گا۔