22.1 C
Islamabad
بدھ, اپریل 23, 2025
ہومقومی خبریںآئی بی سی سی نے سالانہ رپورٹ 2024ء کا اجراء کر دیا

آئی بی سی سی نے سالانہ رپورٹ 2024ء کا اجراء کر دیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا ہے کہ تعلیمی اسناد کی تصدیق اور مساوی سرٹیفکیٹ کے عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی پروگراموں کو متعارف کرانے ، ملک میں امتحانی نظام کو بہتر بنانے، گریڈنگ سسٹم کے نفاذ اور اساتذہ کی تربیت جیسے پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔

منگل کو آئی بی سی سی کی سالانہ رپورٹ 2024ء کے اجراء کے موقع پر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ سالانہ رپورٹ 2024ء کمیشن کی تعلیمی بہتری اور ڈیجیٹل جدت کے سفر کی جامع داستان ہے جو تعلیمی اسیسمنٹ کے نظام کو معیاری بنانے، اصلاحات متعارف کرانے اور عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، یہ سال آئی بی سی سی کی تاریخ میں ایک نمایاں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

- Advertisement -

رپورٹ میں سب سے اہم پیشرفت ”ماڈل اسیسمنٹ فریم ورک” کا اجراء ہے جو رٹہ سسٹم کے خاتمے اور تصوری، تنقیدی و تجزیاتی سوچ پر مبنی تعلیم کی طرف ایک انقلابی قدم ہے، یہ فریم ورک قومی نصاب اور عالمی معیارات کے مطابق اسیسمنٹ کے طریقہ کار کو یکساں اور شفاف بنانے کا عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی آئی بی سی سی نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ایجنڈے کو بھی تیزی سے آگے بڑھایا، اہم اقدامات میں ایکسپریس اٹیسٹیشن سروسز جس کے ذریعے دستاویزات کی صرف 30 منٹ میں تصدیق ہوتی ہے، کیو آر کوڈ پر مبنی تصدیقی نظام اور اپلیکینٹ ٹریکنگ سسٹم، 1۔بل ڈیجیٹل ادائیگی کا مربوط نظام اور کلائوڈ بیسڈ حاضری و چھٹیوں کے نظام جو ادارے کی شفافیت اور گورننس کو بہتر بناتے ہیں، شامل ہیں۔

رپورٹ میں 10 نکاتی گریڈنگ سسٹم کے نظام اور پاسنگ مارکس کو 33 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے جو تعلیم میں سختی اور شفافیت کی طرف مثبت پیشرفت ہے ۔ انہوں نے 18ویں ترمیم کے بعد یکساں صلاحیتوں کے نفاذ میں درپیش چیلنجز کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ تمام بورڈز کو ساتھ لے کر چلنے کیلئے کوشاں ہیں، ہماری کوشش ہے کہ پورے ملک میں ایک جیسا تعلیمی معیار ہو۔ انہوں نے کہا کہ آئی بی سی سی کو ڈیجیٹلائزیشن اور کیو آر کوڈز سمیت دیگر سہولیات کے باعث بیرون ملک پذیرائی مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کی سہولت کیلئے یونیورسٹیوں اور کالجز میں داخلے کے وقت بننے والے رش سے نمٹنے کیلئے خصوصی ڈیسک بنائے جاتے ہیں جبکہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں ایکسپریس اٹیسٹیشن سروسز کا آغاز کیا گیا ہے جس میں طلباء صرف 30 منٹ میں اپنی اسناد کی تصدیق حاصل کر لیتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ادارے کو ترقی دیں اور اندرون و بیرون ملک اپنے طلباء کیلئے سہولت پیدا کریں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586112

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں