آئی جی پنجاب سے پولیس ملازمین و اہل خانہ کی ملاقات، درخواستوں پر ریلیف احکامات جاری

115

لاہور۔30اکتوبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ سپروائزری افسران فورس کو درپیش پیشہ ورانہ اور ذاتی مسائل کے ازالے کیلئے بروقت اقدامات یقینی بنائیں تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ فرائض کی ادائیگی پر مرکوز رکھیں۔آئی جی نے کہاکہ ملازمین کے اہل خانہ کی صحت، تعلیم و دیگر مسائل کے حل کیلئے ویلفیئر برانچ ہر ممکن تعاون جاری اور ویلفیئر فنڈ کے موثراستعمال سے زیادہ سے زیادہ ملازمین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر آئی جی ڈاکٹر عثمان انورنے ملازمین کی درخواستیں سنیں اورفوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کئے۔

ترجمان کے مطابق آئی جی نے سب انسپکٹر ساجد نور اور اے ایس آئی شرافت علی سمیت دیگر ملازمین کی سنیارٹی فکسیشن اور پروموشن کی درخواستوں پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف کی ہدایت کی۔اسی طرح اے ایس آئی غلام نبی (مرحوم) کی بیٹی کی والد کو شہید قرار دینے و واجبات ادا کرنے اور کانسٹیبل رفاقت علی کی بیٹے کے علاج میں معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف دینے کی ہدایت کی۔

اسی طرح کانسٹیبل محمد حنیف شہید کی اہلیہ کی جانب سے بیٹے کی بطور جونیئر کلرک بھرتی درخواست پر اور جونیئر کلرک الماس شکیل کی پنجاب کانسٹیبلری سے گوجرانوالہ تبادلے کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف کی ہدایت کی جبکہ کانسٹیبل عتیق الرحمن کی جانب سے گھر کی تعمیر میں مالی معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف کی ہدایت کی۔ ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے ایڈمن، ڈسپلن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کرتے ہوئے کہاکہ تمام درخواستوں پر فوری ایکشن کے ذریعے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔