آئی جی پنجاب پولیس ملازمین کے اہلخانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم

93

لاہور۔21مئی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین کے ساتھ ساتھ انکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم اور مصروف عمل ہیں اور اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع، فیلڈ فارمیشنز میں تعینات اہلکاروں کو اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے 16 لاکھ روپے جاری کردئیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اے ایس آئی غلام علی کو بیٹی کے گردوں کے علاج کیلئے 5لاکھ روپے دئیے گئے، سپیشل برانچ کے انسپکٹر محمد طفیل میراں کو پولیو سے متاثرہ بیٹی کے علاج معالجے کیلئے اڑھائی لاکھ روپے جاری کئے گئے اور اے ایس آئی افتخار حسین کو بیٹے علی رضا کے کینسر کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے گئے،

پنجاب کانسٹیبلری کے سب انسپکٹر مرید عباس کو بیٹے کے کینسر کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے جاری کئے گئے، کانسٹیبل وحید الرحمان کو بیٹی، کانسٹیبل عباس علی کو بیٹے کے علاج کیلئے 1لاکھ روپے فی کس دئیے گئے، جہلم کے کانسٹیبل خرم شہزاد کو ایک سالہ بیٹی کے علاج کے لیے 70 ہزار روپے جاری کئے گئے، لاہور پولیس کے سینئر کلرک رفیق الدین کو بیٹے کے علاج کیلئے 46 ہزار 527 روپے دئیے گئے جبکہ ڈرائیور کانسٹیبل مجاہد مسلم کو بیٹے کے علاج کیلئے 37 ہزار 364 روپے جاری کئے گئے۔ آئی جی پنجاب نے مذکورہ بالا فنڈز ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کی سکروٹنی و منظوری کے بعد جاری کئے، انہوں نے کہاکہ پولیس فورس ایک فیملی کی مانند ہے، ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پہلے سے بڑھ کر اقدامات کریں گے۔