آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ،قومی و بین الاقوامی مقابلوں کیلئے سپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس اور سنائپرز ٹیمیں تشکیل دینے بارے تجاویز کا جائزہ لیا گیا

7

لاہور۔14جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں قومی و بین الاقوامی مقابلوں کیلئے سپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس اور سنائپرز ٹیمیں تشکیل دینے بارے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ ڈاکٹر محمد وقار عباسی، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی ایلیٹ، کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول ، اے آئی جی لاجسٹکس اور اے آئی جی پروکیورمنٹ سمیت سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے۔

آئی جی پنجاب نے قومی و بین الااقوامی سپیشل فورسز سکلز اینڈ شوٹنگ مقابلوں میں پنجاب پولیس کی نمائندگی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مقابلوں کیلئے بہترین پولیس کمانڈوز، سنائپرز پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیں اور جدید اسلحہ و سکلز ٹریننگ یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس سپیشل فورسز کا معیار اور پیشہ ورانہ مہارت دنیا کی دیگر جدید سول آرمڈ فورس کے ہم پلہ ہے۔

جدید ٹریننگ سے لیس پنجاب پولیس کے جوان کرائم فائٹنگ، سپیشل آپریشنز اور سنائپرز سکلز میں بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ پنجاب پولیس سول آرمڈ فورسز سے متعلقہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی صلاحیتوں کا لوہا منوائے گی۔