لاہور۔13جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی انتظامات و دیگرپیشہ وارانہ امور بارے اہم اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیز سمیت سینئر افسران موجود تھے جبکہ ایڈیشنل آئی جی سائوتھ پنجاب، سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔آئی جی پنجاب نے عیدالاضحی پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر فورس کو شاباش دی اور محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام پرامن بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ، امن کمیٹیوں، کمیونٹی رہنمائوں اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت یقینی بنائیں۔محرم الحرام کے حوالے سے تمام ٹربل پوائنٹس اور تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم سے قبل از وقت طے کر لیں۔آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع میں کرائم کی شرح میں واضح کمی پر ضلعی افسران اور سی سی ڈی کی کارروائی کو سراہا۔ انھوں نے ملتان ریجن میں اے کیٹیگری کے 100 سے زائد مجرمان کی گرفتاری پر سی سی ڈی کو شاباش دی۔آئی جی پنجاب نے ضلعی افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لئے سی سی ڈی کی ٹاسکنگ کریں۔خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی و اغوا کے کیسز پر خاص فوکس کریں۔
آئی جی پنجاب نے کچہ کریمنلز کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کا حکم بھی دیا اور ضلعی افسران کو سنگین مقدمات کے چالان بروقت عدالتوں میں جمع کروانے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب نے لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان، گوجرانوالہ اور ڈی جی خان میں ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری پر افسران کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک حادثات کے تدارک کے لئے ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام اداروں کی کوآرڈینیشن سے اقدامات یقینی بنائیں۔
وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے ٹریفک کی بہتری کے لئے 100 اہداف کی تکمیل مزید تیز کی جائے۔تھری ویلرز، ٹانگے ریڑھے اور گدھا گاڑیوں کی مرکزی شاہراہوں پر انٹری بند کروائی جائے۔بسوں ویگنوں کی چھتوں پر مسافروں کو بٹھانے اور اوور لوڈڈ گڈز ٹرانسپورٹ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔